• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کو تاش کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت

شائع January 30, 2020
اب سعودی عرب کی خواتین موسیقی کے پروگراموں میں بھی شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
اب سعودی عرب کی خواتین موسیقی کے پروگراموں میں بھی شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب میں اگرچہ گزشتہ چند سال سے خواتین کو جہاں ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے وہیں انہیں مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت بھی حاصل ہے۔

سعودی عرب میں اب جہاں خواتین ڈرائیونگ کرنے کے لیے آزاد ہیں، وہیں وہ اب غیر محرم مرد کے ساتھ نوکری بھی کر سکتی ہیں، علاوہ ازیں انہیں سیاست میں بھی حصہ لینے کی اجازت حاصل ہے۔

اب سعودی عرب کی خواتین جہاں عام جگہوں پر مردوں کے ساتھ نوکری کرتی دکھائی دیتی ہیں وہیں وہ کھیل کے میدان میں بھی دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ

اور اب سعودی حکومت نے خواتین کو پہلی مرتبہ تاش کے ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی اجازت بھی دے دی۔

سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق پہلی مرتبہ ہر سال منعقد ہونے والے تاش کے مقابلے میں خواتین کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی عرب میں ہر سال تاش کا ٹورنامنٹ منعقد ہوتا ہے جس میں ملک بھر سے عمر رسیدہ افراد سمیت نوجوان افراد بھی شریک ہوتے ہیں اور اپنی مہارت دکھاتے ہیں۔

گزشتہ چند سال میں سعودی خواتین کو خودمختاری دی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ چند سال میں سعودی خواتین کو خودمختاری دی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اس مرتبہ بھی آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں تاش کے ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا جس میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کو بھی شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی عرب میں عام طور پر خواتین تاش کے پتوں کے ساتھ کھیلتی دکھائی دیتی رہی ہیں تاہم انہیں پہلے گھروں یا خواتین کی محفل میں تاش کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سعودی ایئرپورٹ کے اعلیٰ عہدے پر پہلی بار خاتون کا تقرر

سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق تاش کے پتوں کی چیمپیئن شپ کا آغاز 6 فروری سے ہوگا جو 15 فروری تک جاری رہے گی اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں خواتین بھی شریک ہوں گی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ خواتین کھلاڑی مرد کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کریں گی یا ٹورنامنٹ میں مرد و خواتین کی مشترکہ ٹیمیں بنائی جائیں گی۔

گزشتہ سال پہلی بار سعودی عرب میں خواتین کی ریسلنگ بھی منعقد ہوئی تھی—فوٹو: اے پی
گزشتہ سال پہلی بار سعودی عرب میں خواتین کی ریسلنگ بھی منعقد ہوئی تھی—فوٹو: اے پی

عین ممکن ہے کہ ٹورنامنٹ میں خواتین کے لیے الگ ٹیمیں ہوں اور ان کا مقابلہ خواتین سے ہی ہو تاہم اس حوالے سے انٹرٹینمینٹ اتھارٹی نے واضح نہیں کیا تاہم اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پہلی بار چیمپیئن شپ میں خواتین شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کا کنسرٹ

سعودی انٹرٹینمینٹ اتھارٹی کے مطابق اس سال تاش کے پتوں کی چیمپیئن شپ میں مجموعی طور پر ملک بھر سے 16 ہزار 384 کھلاڑی شریک ہوں گے اور ایک ہفتے سے زائد رہنے والے مقابلوں میں 8 ہزار 192 کھیل پیش کیے جائیں گے۔

تاش کے مقابلے میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے عمر کی حد 18 سال سے زائد رکھی گئی ہے تاہم کھلاڑیوں کی آخری عمر کی حد کوئی نہیں۔

اس مرتبہ ٹورنامنٹ کے دوران 20 لاکھ ریال سے زیادہ کی رقم جیتنے والوں میں تقسیم کی جائے گی۔

اب سعودی عرب میں خواتین کے میوزک کنسرٹ بھی ہوتے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اب سعودی عرب میں خواتین کے میوزک کنسرٹ بھی ہوتے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024