• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پی ایس ایل 5: ہاشم آملہ پشاور زلمی کا حصہ بن گئے

شائع January 30, 2020 اپ ڈیٹ January 31, 2020
ہاشم آملہ پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے — فائل فوٹو:اے ایف پی
ہاشم آملہ پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے — فائل فوٹو:اے ایف پی

جنوبی افریقا کے معروف بلے باز ہاشم آملہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے لیے ٹیم پشاور زلمی سے منسلک ہوگئے۔

ہاشم آملہ پاکستان سپر لیگ 5 میں پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ 'ہاشم آملہ لیجنڈری بیٹسمین اور دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہیں'۔

پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا باعث خوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پشاور زلمی ہر سال پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کو بڑے کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہاشم آملہ کی موجودگی سے جہاں بیٹسمینوں کو فائدہ ہوگا وہیں ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی نے 'پی ایس ایل فائیو' کیلئے کٹ، ترانے کا ٹیزر جاری کردیا

خیال رہے کہ ہاشم آملہ 124 ٹیسٹ، 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹیم پشاور زلمی نے پانچویں سیزن کے لیے اپنی کٹ اور ترانے کا ٹیزر جاری کیا تھا۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ 'پی ایس ایل فائیو' کے لیے پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ پشتو کی ایسی منفرد دھن میں بنایا گیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں سنی گئی اور یہ ترانہ پی ایس ایل فائیو میں مداحوں کے دل کی دھڑکن اور زبان پر ہوگا۔

سیزن فائیو کے لیے پشاور زلمی نے دو کٹ لانچ کی ہیں، اصل کٹ کے ساتھ ایک متبادل کٹ بھی تیار کی گئی ہے اور اس کو بھی لانچ کیا گیا ہے اور بیان کے مطابق کٹ کو امریکن کمپنی ایلیان کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

اس سے ایک روز قبل لاہور کے مقامی ہوٹل میں پی ایس ایل 2020 کے ترانے کا بھی اجرا ہوا تھا جس میں پاکستان کے معروف گلوکاروں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون اور عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانہ 'تیار ہیں' ریلیز کردیا گیا

پی ایس ایل کے ترانے کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا آغاز 20 فروری کو ہوگا اور پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں 14 میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 3 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ 20 فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024