• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: ایئر لائنز نے چین سے اپنی پروازیں معطل کردیں

شائع January 30, 2020
ایئر چائنا کے جہاز پروازوں پر پابندی عائد ہونے کے باعث ووہان ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں—تصویرؒ: اے پی
ایئر چائنا کے جہاز پروازوں پر پابندی عائد ہونے کے باعث ووہان ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں—تصویرؒ: اے پی

ووہان: چین میں ہلاکت خیز کورونا وائرس سے 132 افراد کی ہلاکتوں کے بعد مختلف ایئر لائنز نے چین سے اپنی پروازیں منسوخ کرنا شروع کردیں۔

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وبا کے مرکز قرنطینہ میں تبدیل کیے گئے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد کی آبادی پر مشتمل شہر ووہان سے کچھ ممالک نے اپنے شہریوں کو فضائی راستوں کے ذریعے نکالنے کے بعد ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ کرنا شروع کیں۔

اس سلسلے میں جاپان نے بدھ کو اپنے 206 شہریوں کو وطن واپس پہنچایا جس میں سے 12 کو طبیعت خراب ہونے اور زکام جیسی کیفیت کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کروادیا گیا۔

دوسری جانب امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو چین کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔

خیال رہے کہ اب تک دنیا کے 18 ممالک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ چین نے بھی اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بیرونِ ملک سفر موخر کردیے جائیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ایئر لائن برٹش ایئرویز وہ پہلی اور بڑی فضائی کمپنی تھی جس نے دفتر خارجہ کی سفری ہدایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چین سے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لوگوں کے عجیب و غریب اقدامات

جس کے بعد یورپ کی بڑی فضائی کمپنیوں میں سے ایک اور جرمنی کی قومی ایئر لائن لفت ہنسا نے چین سے اپنی تمام پروازیں 9 فروری تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا جبکہ یہی اعلان سوئٹزرلینڈ اور آسٹریلوی ایئر لائنز کی جانب سے بھی کیا گیا۔

جہازوں کی تعداد کے حوالے سے جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی فضائی کمپنی انڈونیشیا کی لائن ایئر گروپ نے ہفتے کے روز سے چین سے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا جبکہ میانمار اور نیپال نے بھی اس کی پیروی کی۔

حکومت کی جانب سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے منصوبے کے باعث مسافروں کی تعداد کم ہونے پر ہانک کانگ کی کیتھے پیسیفک نے بھی اپنی پروازوں میں کمی کردی ہے۔

علاوہ ازیں چین کے اہم تجارتی شراکت دار قازقستان نے چینی شہریوں کو ویزے کا اجرا روک دیا ہے اور کہا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف چلنے والی مسافر ٹرین اور پروازیں بھی روک دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کتنا خطرناک ہے؟

سب سے ڈرامائی قدم پیسیفک کے چھوٹے سے ملک پاپوا نیو گنیوا نے اٹھایا اور اعلان کیا کہ ایشیا سے کسی مسافر کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ چین نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھائے ہیں جس میں بیرون ملک سفر کرنے والے ٹور گروپس پر پابندی، اسکولوں کو بند اور نئے قمری سال کی تعطیلات میں اضافہ شامل ہے۔

قرنطینہ بنانے کی بے مثال کوششوں کے تحت ووہان اور اس کے اطراف میں زیادہ تر ٹریفک پر پابندی ہے جس سے 5 کروڑ افراد اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

صنعتی شہر کی ایک سنسان سڑک پر موجود 50 سالہ شخص نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد پہلا دن ہے کہ جب میں گھر سے باہر نکلا، میرے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کیوں کے مجھے کھانے پینے کی اشیا خریدنی تھیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں 4 پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق

ممالک ووہان سے اپنے شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے تیزی سے کوششیں کررہے ہیں لیکن انہیں، لاجسٹک، طبی اور انتظامی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

ووہان نے 210 امریکیوں کو لے کر جانے والی امریکی چارٹر پرواز کیلیفورنیا کے فوجی اڈے پر اتھاری گئی جہاں فلیشنگ لائٹس والی ایمرجنسی گاڑیاں اور طبی خطرے والے سفید لباس میں اہلکار موجود تھے۔


یہ خبر 30 جنوری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

anwer hussain Jan 30, 2020 09:43am
پاکستان ایئر لائن بھی اپنی پروازیں بند کریں چائنا کے لئے اور جو ہیں ان کو واپس بھیجیں چائنا کیوں کہ اس سے وائرس پھیلنے کا شدید خطرہ ہے پاکستان میں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024