• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سعودی فرمانروا سے ملاقات

شائع January 28, 2020
جنرل ندیم رضا کے ہمراہ وفد میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر حکام موجود تھے — فوٹو: بشکریہ ایس پی اے
جنرل ندیم رضا کے ہمراہ وفد میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر حکام موجود تھے — فوٹو: بشکریہ ایس پی اے

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے سعودی عرب میں فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے پاکستانی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان عسکری شعبے سمیت دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امور پر گفتگو ہوئی۔

جنرل ندیم رضا کے ہمراہ وفد میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر حکام موجود تھے۔

ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، سعودی فرمانروا کے نائب خصوصی سیکریٹری تمیم بن عبد العزیز اور اسلام آباد میں سعودی ملٹری اتاشی ایئر کمانڈر عوض الزہرانی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: حرمین شریفین کو خطرہ ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا، وزیراعظم

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں پاک ۔ سعودیہ دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دورے سے متعلق عرب ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ، ملائیشیا میں 18 سے 20 دسمبر تک منعقد ہونے والے کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کے فیصلے پر سعودی عرب کے ناراض ہونے کے اشاروں کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ریاض کو منانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھیجا تھا جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی تھی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ ایجنڈے پر تبادلہ خیال کے علاوہ خطے میں حالیہ پیش رفت اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی تھی‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024