• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

نوازشریف کی پلیٹلیٹس کے حوالے سے اصل مرض کا پتہ چلانا ضروری ہے،فردوس اعوان

شائع January 27, 2020
فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کے استقبال کو مثبت قدم قرار دیا—فائل/فوٹو:ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کے استقبال کو مثبت قدم قرار دیا—فائل/فوٹو:ڈان نیوز

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ڈاکٹر عدنان پر زور دیا ہے کہ وہ پلیٹلیٹس کی تازہ رپورٹ پیش کریں کیونکہ اصل مرض کا پتہ چلانا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘ہم تو پلیٹلیٹس جاننا چاہتے تھے، ہمیں پہلے سے پتہ تھا کہ وہ دل کے مریض ہیں، دل کے مریض کا بائی پاس ہوتا ہے تو ظاہر ہے فالواپ ہوتا رہتا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘قوم ان کے پلیٹلیٹس کی موجودہ تعداد جاننا چاہتی ہے، آج پریس کانفرنس میں پلیٹلیٹس پر روشنی ڈال دیتے تو ابہام دور ہوجاتا ہے، یہاں تو پلیٹلیٹس کا اتار چڑھاؤ ہورہا تھا’۔

مزید پڑھیں:'پنجاب میں قانون سازوں کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار'

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘اصل معلومات تو پلیٹلیٹس کی درکار ہیں تو ڈاکٹر عدنان سے میری گزارش ہے کہ وہ برطانیہ میں موجود ہیں وہاں جدید ترین لیبارٹری سے پلیٹلیٹس کی تازہ ترین جائزہ لے کر قوم کے سامنے پیش کردیں تاکہ پتہ چل سکے کہ ہماری میڈیکل لیبارٹریز تشخیص کرنے میں کہاں ناکام رہی ہیں اور اصل مرض کا پتہ چلانا سب سے ضروری ہے’۔

گندم کے بحران کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘کمیٹی بنی ہے اور اس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ حقائق کو جانے اور اس کا جائزہ لے اور فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اپنی ذمہ داری ادا کرے جونہی اس کی حتمی رپورٹ سامنے آتے تو آگاہ کردیا جائے گا’۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کا استقبال سیاسی پختگی اور استحکام کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے ساتھ جڑے پاکستان کی خوش حالی کے خواب کی تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہیں، کاروباری افراد کا وزیراعظم پر اعتماد ہمارے ملک کی معیشت کے درست سمت پر گامزن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

'وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعظم کی پیشکش'

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘وزیراعلیٰ سندھ سے جو ملاقات ہوئی اس میں کراچی کے مختلف منصوبوں کے لیے وزیراعظم کے 162 ارب کے پیکیج اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بات ہوئی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا دورہ کراچی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو سندھ کے عوام کے لیے تمام بنیادی حقوق، وفاقی سطح پر دستیاب وسائل میں سے سندھ کے حصے کے مطابق فراہم کرنے کے لیے ہر طرح کی پیش کش کی ہے’۔

وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی ترقی، قومی مفاد کے تحفظ اور عوامی خوش حالی کے ایجنڈے پر ہم سب ایک ہیں، سندھ کو مسائل اور کرپشن سے پاک کرنے اور وفاق پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم کے خواب کو دہرایا گیا’۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کو کرپشن سے پاک کرنا ہے، سندھ کے اندر ہمارے ادارے فعال ہوں گے، کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لیے سندھ حکومت بھی اپنے اداروں میں اس وژن کو نافذ کرکے کرپشن فری ماحول بناسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری نے وزیراعظم کی ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت اور جس جرات سے پاکستان کا موقف عالمی قیادت کے سامنے رکھا اس کی تعریف کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے کاروباری برادری کو بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم کے لیے موجودہ دورہ ماضی کے وزیراعظم کے دوروں میں سستا ترین تھا۔

انہوں نے کہا کہ ‘عالمی اقتصادی فورم کے ذریعے پاکستان کے عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچنانے میں جس موثر انداز سے کردار ادا کیا تمام کاروباری برادری نے اس کو سراہا اور وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا’۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘پاکستان کی بہتری کا سفر کراچی، پشاور، کوئٹہ ہو یا پنجاب ہو، پاکستان کا چپہ چپہ، آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور جہاں جہاں پاکستان سے محبت کرنے والے بیٹھے ہیں ان کے لیے خوش خبری ہے کہ پاکستان مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ مایوسیوں کے بادل ختم ہوں گے’۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024