• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

'پنجاب میں قانون سازوں کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار'

شائع January 26, 2020
معاون خصوصی کے مطابق قانون سازوں نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
معاون خصوصی کے مطابق قانون سازوں نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا جارہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پنجاب میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام صوبائی قانون سازوں نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں ایسی متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ پنجاب میں فاورڈ بلاک بننے جارہا ہے اور حکومت میں شامل اتحادیوں نے عثمان بزدار کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں 'ناراض' اراکین اسمبلی سامنے آگئے

گزشتہ روز صوبائی اراکین اسمبلی کے ساتھ ہونے والی عثمان بزادر کی ملاقات کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‘ان کے تمام خدشات کے باوجود صوبائی اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ظاہر ہے کہ یہ میڈیا اور اپوزیشن میں ایجنڈا اور ٹرینڈ سیٹ کرنے والوں کے لیے خوشی کی خبر نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے (حکومت کے) اتحادی، حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، چاہے وہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہو یا دیگر جماعتیں، وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں'۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‘ملک کے عوام پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں اور اس ترقی کے لیے یہ ضروری ہے کہ عوام کی جانب سے جس پارٹی کو آئندہ پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے وہ قانون سازی میں اپنا آئینی کردار ادا کریں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو لاہور کے دورے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان قانون سازوں سے ملاقات کریں گے اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے اور کچھ اسکیوں کے جلد از جلد مکمل ہونے کے حوالے سے احکامات بھی جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی منتظر

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‘بلا آخر عوامی حکومت عوام کو جوابدہ ہے، آخرکار وزیراعظم کے اصلاحات کے ایجنڈے کے باعث آپ دیکھیں گے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں بہتری نظر آئے گی اور حکومت کو نقصان پہنچانے کا اپوزیشن پر حملہ ناکام ہوجائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کے خلاف بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے سے بہتر ہے کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے اور حکومت کو قانون سازی میں مدد فراہم کرے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے پریس کانفرنس کے اختتام پر اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ 5 فروری کو مجوزہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے حکومت کے منصوبے میں شامل پروگرامات میں شرکت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ‘سیاست تو ہوتی رہے گی لیکن اس وقت ملک کو آپ کی ضرورت ہے’۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024