• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

مہوش حیات کی ٹوئٹ،حکومت نے کراچی ایئرپورٹ کے واش رومز میں گندگی کا نوٹس لے لیا

شائع January 26, 2020
اداکارہ کی ٹوئٹ پر حکومت نے نوٹس لے لیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی ٹوئٹ پر حکومت نے نوٹس لے لیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خواتین کے واش رومز میں گندگی اور تعفن کے حوالے سے کی جانے والی ٹوئٹ پر حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو سامنے لانے پر اداکارہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایئرپورٹ پر خواتین کا واش روم استعمال کیا تو وہاں انہوں نے گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

مہوش حیات نے 24 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ’بدقسمتی سے انہیں کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے بیت الخلا استعمال کرنے کا اتفاق ہوا اور وہ خواتین واش روم میں گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید حیران رہ گئیں‘۔

اداکارہ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے خواتین کے واش روم میں انتہائی گندگی اور بدبو کا سامنا کیا اور تو اور انہیں وہاں کاکروچ بھی دکھائی دیے۔

مہوش حیات نے خواتین کے واش رومز کی خراب حالت کے حوالے سے لکھا کہ ’یہ عمل نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اس عمل سے ہم بیرون ملک سے آنے والے افراد کو پہلا تاثر بھی غلط دے رہے ہیں‘۔

اداکارہ نے لکھا کہ واش رومز کی صفائی بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے اور ہمیں اب صفائی کرنی پڑے گی۔

اداکارہ کی جانب ایئرپورٹ کے خواتین کے ٹوائلٹ کی خراب حالت بیان کرنے کے بعد ان کی ٹوئٹ پر دیگر افراد نے بھی کمنٹس کیے اور ان سے ملتا جلتا تجربہ بیان کیا۔

اداکارہ کی ٹوئٹ پر حریم سنبل نامی خاتون نے بھی کراچی ایئرپورٹ کے واش رومز کے حوالے سے اپنا تجربہ شیئر کیا اور بتایا کہ وہ بھی بدقسمتی سے ایک بار خواتین کا واش روم استعمال کر چکی ہیں اور انہوں نے بھی ٹوائلٹ میں کاکروچز کو اڑتے دیکھا۔

صائمہ نامی خاتون نے اداکارہ کی ٹوئٹ پر جواب دیا اور اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مہوش حیات سے منفرد تجربہ پایا۔

خاتون نے لکھا کہ جب انہوں نے کراچی ایئرپورٹ کے خواتین کے واش رومز استعمال کیے تھے تو وہ بالکل صاف تھے اور ان سے اتنی بھی بدبو نہیں آ رہی تھی۔

آمنہ سلیمان نامی خاتون نے اداکارہ کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے اپنا تجربہ بیان کیا اور انکشاف کیا کہ خواتین کے واش رومز کا اسٹاف ہر وقت پیسے بھی مانگتا ہے اور وہ بطور پاکستانی شہری اس عمل پر پریشان بھی ہوتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ بیرون ممالک سے آنے والے افراد یہاں کے حوالے سے کیا سوچیں گے۔

ایک اور خاتون نے بھی لکھا تھا کہ انہیں یاد ہے کہ جب انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے واش روم کو استعمال کیا تھا تو وہاں بیٹھے عملے نے انہیں ٹوائلٹ پیپر دینے سے بھی انکار کردیا تھا اور پیسوں کے بدلے ٹوائلٹ پیپر کی پیش کش کی تھی۔

عائشہ نامی خاتون نے بھی لکھا کہ کراچی ایئرپورٹ کے خواتین واش روم کا عملہ آتے جاتے افراد سے ڈالر مانگتا ہے اور اگر ڈالر نہ ملیں تو ریال اور جب وہ بھی نہ ملیں تو آخر میں روپے مانگتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد وزارت اورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمینٹ ریسورس نے واقعے کا نوٹس لیا اور وزارت نے اداکارہ کو جواب دیا کہ ان کی شکایت کا نوٹس لے لیا گیا اور جلد متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کردیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024