• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسپیکر قومی اسمبلی کا برطانیہ سے پاکستانیوں کیلئے 'ویزا قانون میں نرمی' پر زور

شائع January 26, 2020
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے جاری کی جانے والی ٹریول ایڈوائزری کے بعد برطانوی ہائی کمشنر پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حکومت سے درخواست کریں کہ پاکستانی باشندوں کے لیے ویزا پالیسی میں سہولت فراہم کی جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے یہ بات پاکستان کے لیے برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو ان کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری کے بارے میں بتایا، جس میں برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات جانے کے لیے بذریعہ سڑک سفر کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔

مزید پڑھیں: برطانیہ نے پاکستان کیلئے سفری شرائط میں نرمی کردی

اس موقع پر اسد قیصر نے برطانیہ کے فیصلے کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ ہائی کمشنر اپنی حکومت پر زور دیں کہ پاکستانی باشندوں کے لیے ویزا کے قوانین میں نرمی کریں۔

اس کے علاوہ یہ بھی کہ پاکستان کے لیے ویزا سینٹر متحدہ عرب امارات میں قائم ہے جسے پاکستان میں منتقل کیا جانا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ ویزا فیس بہت زیادہ ہے جسے پر نظر ثانی کی جانی چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اپنی ویزا پالیسی میں کی جانے والی نرمی کا مقصد دنیا بھر سے غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے اس کے ساتھ ہی غیر ملکی سیاحوں کے لیے آن لائن ویزا کے حصول کے لیے ویزا پوٹل قائم کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 24 جنوری 2020 کو قبل برطانیہ کی حکومت نے پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورت حال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا تھا۔

اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘برطانیہ نے سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا پاکستان کیلئے برطانوی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم

اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا’۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے لیے برطانوی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے بڑی خوشخبری قرار دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا تھا کہ 'بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔'

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024