ملک میں سال 2020 کے پولیو کیسز کی تعداد 4 تک پہنچ گئی
اسلام آباد: سندھ اور خیبرپختونخوا میں گزشتہ اور رواں برس کے پولیو کے دو دو کیسز سامنے آنے کے بعد 2019 کے کیسز کی تعداد 139 جبکہ 2020 کے پولیو کیسز کی تعداد 4 تک پہنچ گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ سال 2019 کے دونوں کیسز صوبہ سندھ سے رپورٹ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تحصیل قمبر کے رہائشی 8 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی لیکن بچہ بیماری کی تصدیق سے قبل انتقال کرچکا تھا۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: لکی مروت میں نئے سال کے پہلے مہینے میں پولیو کا پہلا کیس
عہدیدار نے بتایا کہ ضلع دادو کی تحصیل جوہی کی یونین کونسل ڈرگ بالا میں 24 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2020 کے پولیو کیسز سندھ اور خیبر پختونخوا سے رپورٹ کیے گئے، سندھ میں ضلع سجاول کی تحصیل جاتی کی یونین کونسل کوٹھی کے رہائشی 42 ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی جو اس بیماری کے نتیجے میں معذور ہوگیا ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع اور تحصیل لکی مروت کی یونین کونسل بہرام خیل میں 8 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے معذور ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں سال 2019 کے پولیو کیسز کی تعداد 134 تک پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ ہم 2020 میں ہیں، ہمیں 2019 کے کیسز بھی موصول ہورہے ہیں کیونکہ تصدیق کی تاریخ کے بجائے نمونے لیے جانے کے وقت پر غور کیا جاتا ہے۔
ای او سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مزید 4 کیسز کی تصدیق گزشتہ روز ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں پاکستان بھر میں قوت مدافعت میں ابھرنے والے خلا کو 3 ملک گیر انسداد پولیو مہمات، ایک دسمبر 2019 میں، دوسری فروری اور اپریل 2020 میں جبکہ جنوری اور مارچ میں 2 رسپونس راؤنڈز سے پورا ہونا چاہیے۔