• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دوسرا ٹی 20: بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست، پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری

شائع January 25, 2020
بابر اعظم اور محمد حفیظ ناٹ آؤٹ رہے—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
بابر اعظم اور محمد حفیظ ناٹ آؤٹ رہے—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی شرکت کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹڈیم پہنچی اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے مختلف پلے کارڈز بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک کی ففٹی، پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کامیاب

میچ کے آغاز میں ہی بنگلہ دیشی اوپنر مشکلات کا شکار ہوگئے اور 5 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد نعیم بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند کا شکار بنے۔

جس کے بعد اگلے آنے والے بلے باز بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 22 رنز کے اسکور پر مہمان ٹیم کی 2 وکٹیں گر گئیں۔

بنگلہ دیش ٹیم کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لٹن داس تھے جو 41 کے مجموعی اسکور پر صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے 66 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
بابر اعظم نے 66 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

50 رنز سے کم اسکور پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد کیریز پر موجود بلے بازوں نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ عفیف حسین، فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد مہمان ٹیم کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تمیم اقبال تھے جنہوں نے 65 رنز کی اننگ کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے۔

آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد اگلے آنے والے کھلاڑی بھی اسکور میں کچھ زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور آخری اوور کی پہلی گیند پر 126 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے بعد جب پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 6 رنز کے مجموعی اسکور پر احسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ابتدا میں ہی اوپننگ بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ٹیم کو سہارا دیا اور جارحانہ انداز میں کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

کپتان بابر اعظم نے 35 گیندوں پر ففٹی اسکور کی جبکہ محمد حفیظ 39 گیندوں پر اپنے 50 رنز مکمل کیے۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

دونوں بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 131 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور بابر اعظم 66 جبکہ محمد حفیظ 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور 137 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

علاوہ ازیں کپتان بابر اعظم کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرنے والی قومی ٹیم میں دوسرے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور محمد متھن کی جگہ مہدی کو شامل کیا گیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پہلی ٹیم میں پاکستان نے مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے گرین شرٹس کو 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جس کے جواب میں گرین شرٹس نے شعیب ملک کی نصف سنچری اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے احسن علی کے 36 رنز کی بدولت مذکورہ اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

آج کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور حارث رؤف۔

بنگلہ دیش: محمد محموداللہ(کپتان)، تمیم اقبال، محمد نعیم، لٹن داس، مہدی حسن، سومیا سرکار، عفیف حسین، امین الاسلام، الامین حسین، شفیع الاسلام اور مستفیض الرحمٰن۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024