• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

برطانیہ نے پاکستان کیلئے سفری شرائط میں نرمی کردی

شائع January 24, 2020
برٹش ایئرویز نے گزشتہ برس پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کردی تھیں — فائل/فوٹو:اے ایف پی
برٹش ایئرویز نے گزشتہ برس پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کردی تھیں — فائل/فوٹو:اے ایف پی

برطانیہ کی حکومت نے پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورت حال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے’۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا’۔

برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ‘2015 کے بعد یہ پہلی اہم پیش رفت ہے’۔

اعلامیے کے مطابق ‘سیکیورٹی کی بہتر صورت حال کے نتیجے میں جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان نے اپنی پرواز بحال کردی اور اکتوبر 2019 میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے پاکستان کا دورہ کیا’۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی شاہی جوڑا تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گیا

پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گی’۔

پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ ‘دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا’۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ حکومتِ پاکستان کی گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و امان کو بہتر کرنے کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے’۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کے شہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔

یاد رہے برٹش ایئرویز نے ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔

مزید پڑھیں:11 سال بعد پاکستان کیلئے برٹش ایئرویز کا فلائٹ آپریشن بحال

برٹش ایئرویز نے 2018 میں پاکستان کی سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر تسلیم کرتے ہوئے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

پاکستان میں اس وقت کے برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز آئندہ جون سے کیا جائے گا۔

بعدازاں 3 جون 2019 کو برٹش ایئرویز کی پرواز BA261، بوئنگ طیارے 787 میں 200 سے زائد مسافروں کو لے کر صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچی تھی۔

پاکستان کے لیے پروازوں کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ شیڈول کے مطابق برٹش ایئرویز کی ہفتہ وار 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن اور لندن سے اسلام آباد چلائی جائیں گی۔

14 اکتوبر 2019 کو برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے اور پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ شمالی علاقہ جات اور لاہور کا بھی دورہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024