• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سکندر سلطان راجا 5 سال کیلئے الیکشن کمیشن کے سربراہ مقرر، نوٹیفکیشن جاری

شائع January 24, 2020
سکندر سلطان راجا اس سے قبل اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سکندر سلطان راجا اس سے قبل اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سربراہ اور دیگر 2 اراکین کے تقرر کا نوٹفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر 5 سال تک اپنے عہدے پر رہیں گے۔

وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 48 کے ساتھ 213 اور 215 پر عمل کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکندر سلطان راجا کو بطور چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت 5 سال ہوگی اور اس پر عملدرآمد دفتری امور سنبھالنے کے دن سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق

اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے دیگر 2 اراکین سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

خیال رہے کہ 21 جنوری 2020 کو الیکشن کمیشن کے سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق ہوگیا تھا۔

ساتھ ہی دیگر 2 اراکین کے لیے نثار احمد اور شاہ محمد جتوئی کے نام پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا تھا۔

سکندر سلطان راجا کا تعارف

سکندر سلطان راجا یکم دسمبر 1959 کو پنجاب میں پیدا ہوئے اور 4 جون 1987 کو ملازمت شروع کی۔

وہ اپنی سروسز کے دوران مختلف عہدوں پر تعینات رہے اور 22 ویں گریڈ سے کچھ ماہ قبل ہی بطور سیکریٹری ریلوے ریٹائرڈ ہوئے جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پیٹرولیم سیکریٹری اور چیف سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر جنرل (پاسپورٹس) بھی رہے اس وقت چوہدری نثار علی خان وزیر داخلہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کے اہم عہدوں پر اراکین کے تقرر کیلئے بیٹھک

انہوں نے صوبائی سیکریٹری آف کمیونکیشن اینڈ ورکس، سروسز اور جنرل ایڈمنسٹریشن کے فرائض بھی انجام دیے، اس کے علاوہ وہ مختصر مدت کے لیے پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعینات ہونے سے قبل بلدیاتی حکومت کے سیکریٹری بھی رہے۔

آپ، سعید مہدی کے داماد ہیں، جو سابق وزیراعظم نواز شریف اور اسلام آباد کے چیف کمشنر عامر احمد علی کے برادر نسبتی کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے ہیں اور آج کل عمران خان کے کافی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔

سکندر سلطان راجا کے والد آرمی افسر تھے جبکہ ان کی اہلیہ رباب سکندر پاکستان کسٹمز میں 21 ویں گریڈ کی افسر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024