ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان
ملک کے مختلف حصوں میں سخت سردی کی لہر برقرار ہے اور شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت منفی 20 تک گرگیا جبکہ موسم کا حل بتانے والوں نے کہا ہے کہ سردی کی یہ لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں علی الصبح اور رات دیر گئے دھند جاری رہے گی۔
اسی طرح ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی موسم سرد ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث کل (جمعرات کو) شہر کا درجہ حرارت 12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں، برفباری کے باعث اموات کی تعداد 82 ہوگئی
یہ پیش گوئی بھی کی جارہی کہ یہ شہر قائد میں رواں سیزن کی آخری سرد لہر ہے۔
خیال رہے کہ رواں سیزن میں کراچی میں سردی میں کافی شدت محسوس کی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی صبح اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15 ڈگری، اسلام آباد میں ایک، پشاور میں 14، لاہور میں 7 جبکہ کوئٹہ میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بارش اور برف باری
سخت سردی کے باوجود سیاح ملک کے شمالی علاقوں میں موجود ہیں اور وہ برفباری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں سردی کی شدید ترین لہر دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
آزاد کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں میں ہونے والی تیز بارش و برف باری کے باعث تقریباً 100 شہری جان کی بازی ہار گئے تھے۔