• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شوہر نے شوبز چھوڑنے کا کہا نہ اداکاری چھوڑی ہے، سعدیہ امام

شائع January 22, 2020
سعدیہ امام ماضی کے کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
سعدیہ امام ماضی کے کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکاراؤں میں شمار ہونے والی اداکارہ سعدیہ امام نے طویل عرصے سے اداکاری سے دور رہنے اور شوبز کو چھوڑنے کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اداکاری نہیں چھوڑی۔

متعدد شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر کئی دن سے یہ خبریں گردش میں تھیں کہ معروف اداکارہ سعدیہ امام نے شوہر کے کہنے پر شوبز کو خیر باد کہہ دیا۔

وائرل ہونے والی خبروں میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کے شوہر نہیں چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ شوبز میں جائیں، اس لیے انہوں نے شوبز سے دوری اختیار کرلی۔

تاہم اب اداکارہ نے کہا ہے کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان نہیں کیا۔

اداکارہ کافی عرصے سے اسکرین پر دکھائی نہیں دیتی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کافی عرصے سے اسکرین پر دکھائی نہیں دیتی—فوٹو: انسٹاگرام

سما ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے سعدیہ امام نے شوبز کو چھوڑنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں نہ تو شوہر نے کبھی شوبز چھوڑنے کا کہا ہے اور نہ ہی انہوں نے اداکاری چھوڑی ہے بلکہ وہ جلد ہی ایک ڈراما سیریل میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

سعدیہ امام کے مطابق شوبز چھوڑے جانے کی خبریں ان کے خاندان کے مخالف چلا رہے ہیں جب کہ ان کے شوہر اور خاندان والے اداکاری کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ان کی سپورٹ کرتے ہیں۔

اداکارہ نے اداکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اداکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ان کے شوبر جرمنی سے پاکستان صرف اس لیے آئے کیوں کہ وہ ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئی تھیں اور ان کی بیٹی اکیلی تھیں۔

اداکارہ نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ ان کے شوہر اور خاندان والے ان کے شوبز میں کام کرنے کے مخالف ہیں۔

اداکارہ نے شوبز چھوڑنے کی خبروں کو غلط قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے شوبز چھوڑنے کی خبروں کو غلط قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نے کہا کہ جلد ہی ان کا ڈراما نشر ہوگا تاہم انہوں نے ڈرامے کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے۔

خیال رہے کہ سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نژاد عدنان حیدر سے شادی کی تھی جس کے بعد وہ جرمنی منتقل ہوگئی تھیں۔

شادی کے 2 سال بعد اداکارہ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے ایک سال بعد وہ واپس پاکستان آئیں اور انہوں نے 2015 میں سما ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی شروع کی لیکن بعد ازاں وہ ٹی وی اسکرین سے غائب ہوگئیں۔

اداکارہ نے 2012 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے 2012 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کی جانب سے طویل عرصے تک ٹی وی اسکرین سے غائب رہنے کے بعد یہ خبریں وائرل ہوئیں کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی تاہم اب انہوں نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

سعدیہ امام کو 1990 کی مشہور اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے ’چھوٹی سی کہانی، پہلی بارش، سات سر رشتوں کے، تھوڑا سا آسمان، پانی پے نام، کہاں سے کہاں تک، رانی بیٹی راج کرے، کنارا مل گیا ہوتا، مامتا، کولونی52، ابھی دور ہے کنارا، اجازت اور عشق جنون دیوانگی‘ سمیت 5 درجن تک ڈراموں میں کام کیا۔

اداکارہ کو ایک بیٹی بھی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کو ایک بیٹی بھی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024