• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: قومی ٹیم کا اعلان، ثنا میر جگہ بنانے میں ناکام

شائع January 20, 2020 اپ ڈیٹ January 26, 2020
سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز نے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا—فوٹو:پی سی بی
سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز نے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا—فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں سابق کپتان ثنا میر کو شامل نہیں کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسکواڈ کا انتخاب بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔

عروج ممتاز کی سربراہی میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال پر مشتمل تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف گزشتہ سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ثنا میر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک آرام کا اعلان

انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

—فوٹو:پی سی بی
—فوٹو:پی سی بی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں:-

بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز )وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔

ٹیم انتظامیہ میں سید اقبال امام ہیڈ کوچ، سلیم جعفر باؤلنگ کوچ، عامر اقبال فیلڈنگ کوچ، جمال حسین اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، ڈاکٹر رفعت اصغر گل فزیو، عائشہ جلیل منیجر اور زبیر احمد بطور اینالسٹ شامل ہیں۔

ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ 21 فروری سے 8 مارچ 2020 تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ٹیم کا 8 روزہ تربیتی کیمپ 23 جنوری سے 30 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں لگے گا اور ٹیم 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچ کھیلے گی جو 7 فروری، 9فروری اور 11 فروری کو کھیلے جائیں گے۔

'ثنا میر کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی'

ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کےلیے اسکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا، اسکواڈ کا انتخاب خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقومی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونے کے بجائے مزید محنت کرکے ایک بار پھر ٹیم میں واپس آسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں:ثنا میر نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

عروج ممتاز نے کہا کہ سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے لے کر اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی مستقل رکن اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھا گیا۔

سلیکشن کمیٹی کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ثنا میر کی عدم موجودگی کے باوجود قومی خواتین اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔

سابق کپتان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شاندار انداز میں پاکستان کی خدمت کرنے والی ثنا میر ملک میں موجود کئی خواتین کرکٹرز کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ثنا میر کی حالیہ کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔

'ثنا میر کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش مند تھی'

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا ہم طویل مشاورت کے بعدآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوئے جبکہ ثنا میر کو میگا ایونٹ کے لیے شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ میں ثنا میر کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شمولیت کی خواہش مند تھی اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:سابق کپتان ثنا میر ایشیا گیم چینجر ایوارڈ کیلئے منتخب

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثنا میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ابھرتی ہوئی کرکٹرز میں سے کسی ایک کو چننا تھا لیکن اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔

انہوں امید کا اظہار کیا کہ ثنا میر اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنز کرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔

خیال رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 'بی' میں شامل ہے جہاں دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کےخلاف میدان میں اترے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Faiz khilji Jan 21, 2020 09:55am
She (Sana Mir) is the best. But what can we do. Politics every where. Shame..

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024