• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

صندل خٹک کو مبشر لقمان کے الزامات پر جواب کیلئے طلب کیا، ایف آئی اے

شائع January 20, 2020
اینکر مبشر لقمان نے صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے لیے درخواست دی تھی—تصویر: انسٹاگرام
اینکر مبشر لقمان نے صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے لیے درخواست دی تھی—تصویر: انسٹاگرام

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے صندل خٹک کی جانب سے دائر درخواست پر سیشن عدالت میں جواب جمع کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار کو معروف اینکر مبشر لقمان کی جانب سے دائر درخواست میں لگائے گئے الزامات پر جواب کیلئے طلب کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 16 جنوری کو صندل خٹک نے دائر درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کر رہا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔

جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

ایف آئی اے نے عدالت کے نوٹس پر آج اپنا جواب جمع کروایا جس موقف اختیار کیا گیا کہ ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک کو مبشر لقمان کی درخواست میں لگائے گئے الزامات پر صفائی اور جواب کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے ’ہراساں‘ کر رہی ہے، صندل خٹک کی عدالت میں درخواست

ایف آئی اے نے اپنے جواب میں وضاحت کی کہ اینکر مبشر لقمان نے صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے لیے درخواست دی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق مبشر لقمان نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ صندل خٹک نے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز اپلوڈ کی تھیں۔

عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ مبشر لقمان نے ایف آئی اے کو درخواست دے کر صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے استدعا کی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ادارے نے صندل خٹک کو شکایت گزار کے الزامات پر صفائی اور جواب کے لیے طلب کیا تھا۔

مزید پڑھیں: مبشر لقمان اور ٹک ٹاک اسٹارز کے درمیان قانونی جنگ کا آغاز

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اپنے جواب میں بتایا کہ صندل خٹک کو 5 مرتبہ پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا، انہیں طلب کرنے کا مقصد فریقین کو سن کر میرٹ پر فیصلہ کرنا تھا، انہیں یا ان کے خاندان کے کسی رکن کو ہراساں نہیں کیا گیا۔

اس کے ساتھ ایف آئی اے نے عدالت سے صندل خٹک کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا بھی کی۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک اسٹار کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے انہیں 28 اکتوبر اور 5 نومبر 2019 کو نوٹسز جاری کرکے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا کہا لیکن انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مبشر لقمان اور ٹک ٹاک اسٹارز کے درمیان قانونی جنگ کا آغاز

دائر کی گئی درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

اپنی درخواست میں ٹک ٹاک اسٹار نے کہا تھا کہ انہیں کسی طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئیں اور نہ ہی ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انہیں کچھ بتایا گیا۔

انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ کبھی بھی کسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہیں اور وہ ملک کی معصوم شہری ہیں۔

یاد رہے کہ مبشر لقمان کا حریم شاہ اور صندل خٹک نامی ٹک ٹاک اسٹارز کے ساتھ قانونی جنگ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب اینکر نے دونوں ماڈلز پر ان کے نجی طیارے میں بغیر اجازت بیٹھنے اور قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

مزید پڑھیں: مبشر لقمان کا ٹک ٹاک ماڈلز پر 'چوری' کا الزام

جس کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا تھا۔

مبشر لقمان نے الزام لگایا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایما پر یہ دونوں خواتین ان کے جہاز میں آئیں اور قیمتی چیزیں چرالیں، جن میں لاکھوں روپے مالیات کے کیمرے اور دیگر سامان شامل ہیں۔

دوسری جانب حریم شاہ اور صندل خٹک نے بھی لاہور کی ضلعی عدالت میں مبشر لقمان کے خلاف مقدمے کے اندارج کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

ماڈلز نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ مبشر لقمان نے ان پر چوری کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا جبکہ دونوں خواتین نے مبشر لقمان پر انہیں ڈرانے اور دھمکیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے کے حوالے سے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک ماڈلز کی مبشر لقمان سے معافی، 'وطن کا چمکتا تارہ' قرار دے دیا

دونوں ماڈلز کئی سیاسی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظر آئی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو نے بھی ملک میں ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔

اس سے قبل دونوں ماڈلز کی اینکر پرسن مبشر لقمان کے نجی طیارے پر بنائی گئی ویڈیوز پر تنازع ہوا تھا جب کہ دونوں ماڈلز دیگر افراد کے ساتھ بھی ویڈیوز بناتی رہتی ہیں۔

کچھ دن قبل ہی حریم شاہ اور صندل خٹک کے حوالے سے اینکر پرسن مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں ایک دوسرے صحافی کے ساتھ کئی انکشافات کیے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ ماڈلز کے پاس وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین اور ایک خاتون وفاقی وزیر کی قابل اعتراض ویڈیوز موجود ہیں۔

مذکورہ پروگرام کے بعد چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان کو شادی کی ایک تقریب میں تھپڑ بھی رسید کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ مارنے کی وجہ بیان کردی

صندل خٹک اور حریم شاہ کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ سمجھنے کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ حریم شاہ اور صندل خٹک نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے رکھی ہے تاہم تاحال اس حوالے سے دونوں ماڈلز نے کچھ نہیں کہا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024