• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

آسٹریلیا کو مسلسل دوسرے ون ڈے میں شکست، سیریز بھارت کے نام

شائع January 19, 2020 اپ ڈیٹ January 24, 2020
ویرات کوہلی 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے ایف پی
ویرات کوہلی 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کی شان دار بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا کو ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔

بنگلور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے کا ٹاس مہمان ٹیم آسٹریلیا نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہے اور ابتدائی 2 وکٹیں 46 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنی ٹیم کی بیٹنگ کی ذمہ داری سنبھالی اور ذمہ دارانہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 131 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔

مارنس لبوشین نے تیسری وکٹ کی شراکت میں اسمتھ کا بھرپور ساتھ دیا اور جب اسکور 173 تک پہنچا تھا تو جدیجا نے ان کی 54 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

مزید پڑھیں:اسمتھ کی عمدہ بیٹنگ بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا سکی

الیکس کیری 35 رنز بنا کر تیسرے بلے باز تھے جس نے بھارتی باؤلرز کے سامنے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن دیگر بلے باز اسمتھ اور لبوشین کی کوششوں کو بڑے اسکور میں بدلنے میں ناکام رہے۔

کپتان فنچ 19 اور آگر11 رنز بنا کر دوہرا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 286 رنز بنائے اور مضبوط بیٹنگ کی حامل بھارتی ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے بہترین باؤلنگ کی اور 4 وکٹیں حاصل کیں، جدیجا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

روہت شرما اور راہول نے میزبان ٹیم کو 69 رنز کا ایک اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شرما اور ویرات کوہلی کی جوڑی نے اسکور کو 206 رنز تک پہنچا کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ممبئی میں بھارت آؤٹ کلاس، آسٹریلیا 10وکٹوں سے کامیاب

روہت شرما نے اس شراکت کے دوران اپنی سنچری مکمل کی اور 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں زیمپا نے اسٹارک کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔

ویرات کوہلی جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 274 رنز تھا اور ان کا انفرادی اسکور 89 رنز تھا تاہم ایس نائر اور پانڈے نے ناقابل شکست بالترتیب 44 اور 8 رنز بنا کر 15 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 289 رنز بنا کر میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی اور 3 میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلیا۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کی تھی لیکن دوسرے میچ میں شیکھر دھون اور راہول کی زبردست اننگز کے باعث بھارت نے 36 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز برابر کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024