• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: فائرنگ سے پاک فوج کے سابق افسر جاں بحق

شائع January 18, 2020
پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ مشتاق خان کی ران میں گولی لگی تھی —فائل فوٹو:
پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ مشتاق خان کی ران میں گولی لگی تھی —فائل فوٹو:

کراچی: ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے پاک فوج کے سابق افسر جاں بحق ہوگئے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کے مطابق پاک آرمی کے میجر ریٹائرڈ مشتاق خان ڈیفنس فیز 8 میں پھل فروش سے پھل خرید رہے تھے کہ اس دوران مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سابق فوجی افسر کی مبینہ خودکشی

جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مشتاق خان اور پھل فروش صاحب خان کو گولی لگی تھی اور انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مشتاق خان کو مردہ قرار دیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ 'مشتاق خان کی ران میں گولی لگی تھی'۔

انہوں نے کہا کہ شاید زیادہ خون بہنے کی وجہ سے مشتاق خان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ پھل فروش کی ٹانگ میں چوٹ لگی تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈی آئی جی شرقی امیر فاروقی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حملہ آور تنہا اور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جبکہ وہ کلین شیو اور شلوار قمیض میں ملبوس تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے ریٹائرڈ فوجی افسر،بھتیجا زخمی

پولیس کے مطابق ملزم نے ایک گولی چلائی جو مشتاق خان کو لگنے کے بعد پھل فروش کو لگی۔

علاوہ ازیں تفتیش کار ملزم کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے بعد واقعے کی نوعیت کے بارے میں معلوم ہوسکے گا کہ آیا یہ ٹارگٹ کلنگ تھی یا چوری کی کوشش۔

واضح رہے مشتاق خان سابق آرمی میجر اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں ایک اسکول کے مالک تھے۔

پولیس نے بتایا کہ مبینہ طور پر وہ اسکول سے ڈی ایچ اے کی ذوالفقار اسٹریٹ پر واقع اپنی رہائش گاہ جارہے تھے۔

خیال رہے کہ اپریل 2017 میں کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک سابق افسر جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ، فوج کے سابق افسر جاں بحق

پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے بلوچ کالونی پل کے قریب ایک کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 60 سالہ ریٹائرڈ کرنل طاہر ضیا جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024