پاک-بنگلہ دیش سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت اور فروخت کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 24 جنوری کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا جو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پہلا ٹی ٹوئنٹی 24 جنوری، دوسرا میچ 25 جنوری اور سیریز کا آخری میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں واحد ٹیسٹ راولپنڈی میں 7 فروری سے 11 فروری تک کھیلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش سے ٹی20 سیریز: 7 تبدیلیوں کے ساتھ قومی ٹیم کا اعلان
پی سی بی سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام خاص طور پر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 18 جنوری کو صبح 8 بجے سے شروع ہوگی، اسی طرح ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز سے بھی ٹکٹوں کی فروخت 18 جنوری کو ہی شروع ہوگی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور کے مختلف انکلوژرز میں داخلے کے لیے ٹکٹوں کی قیمت مختلف رکھی گئی ہے اور جاری کی گئیں تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ان کی قیمت ایک ہزار 500 روپے مقرر کی گئی تھی۔
قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 2 ہزار روپے ہوگی جو گزشتہ سیریز میں 3 ہزار روپے میں فروخت ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں دورہ پاکستان پر رضامند
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے مہنگے ترین ٹکٹ وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کے ہوں گے جن کی قیمت 4 ہزار روپے ہوگی جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ان ٹکٹوں کی قیمت 5 ہزار رکھی گئی تھی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں سیریز کا واحد ٹیسٹ 7 فروری سے 11 فروری تک کھیلا جائے گا جہاں اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم اعلامیے کے مطابق بعد میں اس حوالے سے آگاہی دی جائے گی۔
شائقین کرکٹ کو ٹکٹ خریدنے کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے پی سی بی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹ www.yayvo.com سے بک کروائے جاسکتے ہیں جبکہ ٹی سی ایس سینٹروں سے ٹکٹ خریدنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کا زبردست رجحان دیکھا گیا جس کے پیش نظر بنگلہ دیش سے سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے 14 میچ بھی لاہور میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان کی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے اظہار پر پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کیا تھا تاہم پی سی بی حکام سے مذاکرات کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دورے کو دو حصوں میں تقسیم کرکے پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم وطن واپس جائے گی جبکہ پاکستان میں 20 فروری سے پی ایس ایل کا آغاز ہوگا۔
پی ایس ایل کے اختتام پر بنگلہ دیش کی ٹیم اپریل میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی اور سیریز کا واحد ون ڈے میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔