• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مالی سال کی پہلی ششماہی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 68 فیصد اضافہ

شائع January 17, 2020
مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی طور پر 1.34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی طور پر 1.34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: ملک میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ششماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 68.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1.34 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 79.68 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے اکثر سرمایہ کاری چین اور ناروے کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور الیکٹریکل مشینری کے شعبوں میں کی گئی اور اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار سے سرمایہ کاروں کی فہرست میں حیران کن طور پر مالٹا کی شمولیت کا انکشاف ہوتا ہے جس نے جولائی سے دسمبر تک 11.11کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

مزید پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں 43 فیصد کمی

براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی ایک وجہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں وارد، ٹیلی نار اور زونگ کی جانب سے لائسنس کی تجدید کے لیے جمع کرائی گئی رقم ہے۔

مختلف شعبہ جات کی بات کی جائے تو ٹیلی کمیونیکیشنز کے شعبے میں مجموعی طور پر مالی سال 2020 کی پہلی ششماہی میں 43.2 کروڑ ڈالر کی غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں مجموعی طور پر 12.63 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

ٹیلی کام کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی 28.97 کروڑ ڈالر کے ساتھ 41.6 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، ان میں سے آدھی سے زائد 15.3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر کی گئی۔

البتہ جولائی سے دسمبر تک مالیاتی کاروبار میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہو کر 16.21 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 20.02 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی تیز کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق حکومتی قرضوں کی دستاویزات میں ابتدائی 6 ماہ کے دوران غیرملکی پبلک سرمایہ کاری جیسے کہ ٹی بلز اضافے کے ساتھ 45.22 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں جس سے مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 1.811 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال اسی عرصے میں 3.7 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

ملکوں کے اعتبار سے بات کی جائے تو چین بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جس کی جانب سے مجموعی 42.23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر ناروے موجود ہے جس کی جانب سے اسی عرصے میں 28.85 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے ذخائر

10 جنوری 2020 کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 8.230 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 11.586 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جس کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

ملک کے مجموعی ذخائر 3.88 کروڑ ڈالر سے 18.123 ارب ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024