• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیر اعظم عمران خان کا آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ

شائع January 15, 2020
وزیر اعظم شدید موسم سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی عیادت بھی کی— فوٹو: ثنااللہ
وزیر اعظم شدید موسم سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی عیادت بھی کی— فوٹو: ثنااللہ

وزیر اعظم عمران خان ملک کے شدید سردی، بارش اور برفباری سے متاثر علاقے آزاد جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے مظفر آباد پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں شدید بارش اور برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 98 ہو گئی ہے اور سب سے زیادہ 69 ہلاکتیں آزاد جموں و کشمیر میں ہوئیں۔

عمران خان کے دورے کے دوران چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے وزیر اعظم کو برفباری اور بارش سے ہونے والے نقصان پر بریفنگ دی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا— فوٹو: ثنااللہ
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا— فوٹو: ثنااللہ

وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے دورے پر ان کے ہمراہ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) مظفرآباد کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

مزید پڑھیں: ملک میں موسمی شدت کے باعث حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 93 ہوگئی

حکام کا کہنا تھا کہ شدید برفباری کے سبب وادی کے کچھ علاقوں تک اب بھی رسائی ممکن نہیں جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے جبکہ ماہرین موسمیات نے جمعے سے برفباری کا ایک اور دور شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری مطہر ریاض رانا نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم دوپہر میں وادی نیلم آمد متوقع ہے جہاں انہیں وادی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

اس کے بعد وزیراعظم کی شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال آمد بھی متوقع ہے جہاں وہ گزشتہ 4 روز کے دوران مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کو صورتحال پر مکمل بریفنگ دی گئی— فوٹو: ثنااللہ
وزیر اعظم عمران خان کو صورتحال پر مکمل بریفنگ دی گئی— فوٹو: ثنااللہ

منگل کو وادی نیلم کی خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہریوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور عوام کو ریلیف اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

تصاویر دیکھیں: ملک بھر شدید سردی، بارش اور برفباری سے تباہی

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ آزاد جموں کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لے کر آئی، میں نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اب تک آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 69 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں 20 اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

شدید بارش اور برف باری کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں متعدد راستے اور شاہراہیں بند ہو گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024