وزیر صحت نے عمران خان کے دباؤ پر جھوٹی پریس کانفرنس کی، مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر صحت پنجاب کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے اسے وزیر اعظم عمران خان کے دباؤ پر جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس قرار دے دیا۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے آج لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور وہ 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹس فراہم کریں۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کو خرابی صحت کی رپورٹس 48گھنٹے میں فراہم کرنے کی ہدایت
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مذکورہ پریس کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یاسمین راشد نے وزیر اعظم عمران خان کے دباؤ پر جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین، عمران خان کو بتائیں کہ محمد نواز شریف کا آج بھی ’ریبیوڈیم پی ای ٹی اسکین ہوا ہے اور نوازشریف کے ٹیسٹ کی رپورٹ موجود ہونے کے باجود میڈیا میں سیاسی تماشا کیا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد خود ڈاکٹر ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے عمران خان کے دباؤ پر کی گئی پریس کانفرنس قابل افسوس ہے اور عمران خان کی حکومت پر اب ترس آتا ہے کہ ان کی آج تک ترجیح اور سیاست صرف نواز شریف کی صحت ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں بورڈ نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج تجویز کیا اور خود ڈاکٹر یاسمین صاحبہ نے نواز شریف صاحب کی میڈیکل رپورٹس پر دستخط کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو کینسر نہیں، ان کا مرض قابل علاج ہے، ڈاکٹر طاہر شمسی
ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کے پاس رپورٹس ہونے کے باوجود جھوٹی اور سیاسی پریس کانفرنس کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سیاسی تماشا لگانے کی کیا ضرورت تھی؟
انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت پنجاب نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کوئی ڈاکٹر میاں صاحب کے علاج میں رسک لینے کو تیار نہیں لیکن اب اگر بہت خدشات اور فکر ہے تو یاسمین راشد خود لندن چلی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ 12رکنی بورڈ کی تجویز اور ہدایت پر محمد نواز شریف کا علاج ہوا، علاج حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہوا اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کسی قسم کے ٹیسٹ سے کبھی انکار نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق ڈاکٹرز کی تصدیق شدہ رپورٹس عدالت اور پنجاب حکومت کو شیڈول کے مطابق بھجوائی جارہی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سرکاری ہسپتالوں میں علاج اور ادویات کی بندش پر آج پریس کانفرنس کرتیں؟ وزیر صحت پنجاب کے طورپر بہتر ہوتا کہ ادویات مہنگی ہونے اور غریبوں کے مفت ٹیسٹ کی سہولت ختم ہونے پر بات کرتیں؟
ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام، بدترین مہنگائی اور بیروزگاری سے مررہے ہیں لیکن نالائق وناکام حکومت، کرائے کے ترجمانوں اور نااہل وزرا کی ترجیح میاں نواز شریف کی صحت ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن پہنچ گئے
انہوں نے مشورہ دیا کہ عمران خان، عوام کی صحت پر غور کریں، محمد نوازشریف کی صحت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان، خدارا عوام کی صحت، روٹی، روزگار پر توجہ مرکوز کریں، عمران خان، خدارا صحت پر سیاست نہ کریں اور عوام و ان کی بدترین حالت کی فکر کریں۔
ادھر وزیر اعظم کے معالج ڈاکٹر عدنان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے صبح ساڑھے چھ بجے رپورٹس حکام اور متعلقہ وزرا کو بھیجی جا چکی ہیں۔