سپریم کورٹ نے بی اے پی کے رکنِ صوبائی اسمبلی کو بحال کردیا
سپریم کورٹ نے صوبے کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رکنِ صوبائی اسمبلی اکبر اسکنی کو بحال کردیا۔
31 دسمبر کو صوبائی الیکشن ٹریبونل نے بی اے پی کے 2 اراکین صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمٰن کھیتران اور محمد اکبر اسکانی کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ محمد اکبر اسکانی وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیرِ ماہی گیری تھے جن کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست، انتخابات میں ان کے مخالف امیدوار اصغر رند نے دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان اسمبلی کے 2 اراکین اسمبلی کی انتخابی کامیابی کالعدم قرار
الیکشن ٹریبونل کی جانب سے انتخاب کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اکبر اسکانی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مذکورہ درخواست کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت میں اکبر اسکانی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس میں دستاویزات جمع کروانی ہیں زیادہ مہلت دی جائے جبکہ مخالف وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ عدالت الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر حکم امتناع نہ دے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان عوامی پارٹی 14 صوبائی نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان
تاہم سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا 31 دسمبر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پی بی 48 پر بلوچستان عوامی پارٹی کے اکبر اسکنی کو بحال کردیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے مزید سماعت 24 جنوری تک موخر کرتے ہوئے اسے ملتوی کردیا۔