کالام میں پاکستان کا پہلا اسنو کبڈی ٹورنامنٹ
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وادی کالام میں اسنو کبڈی ٹورنامنٹ منعقد ہوا جس میں کالام کی 8 ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ اسنو لیپرڈ نے ٹورنامنٹ اپنے نام کر دیا۔
برف میں ڈھکے پہاڑوں کے بیچ برف سے بھرے کبڈی میدان اور شدید سردی میں کالام کے مقامی نوجوانوں نے خون کو گرمانے کے لیے کبڈی کا میلہ سجایا تھا، کبڈی پاکستان کے مختلف صوبو ں میں کھیلی جاتی ہے اور روایاتی کھیل بھی ہے جبکہ عالمی سطح پر مقابلے بھی ہوتے ہیں۔
پاکستان کبڈی کے میدان میں عالمی چمپیئن بھی رہ چکا ہے لیکن پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کالام کے نوجوان اس کھیل کو مزید فروغ دینے کے لیے شدید سردی میں برف باری کے دوران کھیل رہے ہیں۔
برف سے ڈھکے میدان میں برف باری کے دوران کبڈی کا کھیل شائقین کے لیے پرجوش اور جاذب نظر ہوتا ہے۔
ٹورنامنٹ کے منتظم عزیز کالامی کا کہنا تھا کہ رواں برس پورے ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور ایسے میں لوگ گھروں میں محصور ہوچکے ہیں لیکن کالام کے نوجوان اس شدید سردی میں اسنو کبڈی کھیل رہے ہیں جس کا مقصد علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے اور آنے والے سیاحوں کو برف میں ایک دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ نومبر سے لے کر مارچ تک برف سے ڈھکا رہتا ہے اور اس دوران برف کے کھیلوں کو فروغ دینے سے مقامی نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا اور ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔
رپورٹس کے مطابق سوات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور سوات کی دلکش وادیوں مالم جبہ، کالام، میاندم، مرغزار، مہوڈھنڈ اوربحرین میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے جس سے محظوظ ہونے کے لیے ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعدا د ان مقامات کا رخ کررہی ہے۔
پشاور سے آئے ہو ئے سیاح ساجد خان کا کہنا تھا کہ میں پہلی دفعہ اسنو کبڈی میچ دیکھ رہا ہوں اور یہ ایک انوکھا میچ ہے، میں برف باری اور اسنو کبڈی سے خوب محظوظ ہورہا ہوں اور یہ میرا اچھاتجربہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کالام کی سڑک کافی خستہ حال تھی تاہم اب سڑک تعمیر ہونے کے بعد کالام کا سفر انتہائی آسان ہوچکا ہے اور گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے ہوتا ہے۔
اسنو کبڈی ٹورنامنٹ جیتنے والے اسنولیپرڈ ٹیم کے کپتان افتخار کا کہنا تھا کہ خون جما دینے والی سردی میں بھی ہم نے میچ کھیلا اور ہمیں بالکل سردی محسوس نہیں ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخواہ (کے پی) حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہاں پر کبڈی کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اس لیے اسنو کبڈی باقاعدہ صوبائی گیمز کا حصہ بنایا جائے کیونکہ یہ اسنو کا بہترین کھیل ہے اور کالام اس کے لیے موزوں علاقہ ہے۔
سیاحوں کو سوات پہنچنے کے لیے بہترین معیار کی سڑکیں تعمیر ہوچکی ہیں اور سیاح بذریعہ سوات ایکسپریس وے موٹروے با آسانی سفر کرسکتے ہیں اور سیاح سردی میں بھی مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جس میں کالام میں اسنو کبڈی، گیارہ ہزار فٹ کی بلندی پر اسنو جیپ ریلی، نو ہزار فٹ کی بلندی پر ملم جبہ اسکی ریزارٹ پر اسکی مقابلے اور ٹیبونگ شامل ہیں۔
سوات کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو پیغام میں کہا کہ وہ بلا خوف و خطربالائی علاقوں کارخ ضرور کریں لیکن برفباری کے باعث سڑکوں پر برف پڑ چکی ہے اس لیے سفر کے دوران حفاظتی اقدامات ضرور کریں۔