• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

سال 2019 کے پولیو کیسز کی تعداد 135 تک پہنچ گئی

شائع January 12, 2020 اپ ڈیٹ July 17, 2020
2018 میں 12 اور 2017 میں صرف 8 کیسز سامنے آئے تھے— فائل فوٹو: اے پی
2018 میں 12 اور 2017 میں صرف 8 کیسز سامنے آئے تھے— فائل فوٹو: اے پی

اسلام آباد: ایک اور بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں سال 2019 کے پولیو کیسز کی تعداد 135 تک پہنچ گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیو کا نیا کیس صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹہ کی تحصیل میر پور ساکرو کی یونین کونسل گجو سے رپورٹ ہوا۔

قومی ادارہ برائے صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ 34 ماہ کا بچہ بائیں ہاتھ اور پاؤں سے معذور ہوگیا، بچے کے والد ایک کسان ہیں اور معاشی طور پر غریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ' ہم نے نمونہ 26 دسمبر 2019 کو جمع کیا تھا اسی لیے اس کیس کو گزشتہ برس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے'۔

مزید پڑھیں: ملک میں سال 2019 کے پولیو کیسز کی تعداد 134 تک پہنچ گئی

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے ڈان کو بتایا کہ اس حوالے سے آج (12جنوری کو) تحقیقات کی جائیں گی۔

13 جنوری سے شروع ہونے والی کیس رسپونس انسداد پولیو مہم میں زیادہ خطرات کا شکار اضلاع میں رہائش پذیر ایک کروڑ 20 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے کیس رسپونس مرحلے میں ٹھٹہ پہلے سے شامل ہے۔

پولیو پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق 2019 میں پولیو کے 35 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2018 میں 12 اور 2017 میں صرف 8 کیسز سامنے آئے تھے۔

2019 کے صوبائی اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا سے پولیو کے 91، سندھ سے 25، بلوچستان سے 11 اور پنجاب سے 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ 4 جنوری کو 5 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اس سے 3 روز قبل 2 جنوری کو مزید 6 پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔

قومی ادارہ صحت کے عہدیدار کے مطابق ’سال 2020 کا آغاز ہونے کے باوجود مزید ایک ماہ تک سامنے آنے والے کیسز 2019 کی فہرست میں شامل کیے جاسکتے ہیں کیونکہ کسی سال میں پولیو کیس کا اندراج وائرس کی تصدیق ہونے کی تاریخ کے بجائے ٹیسٹ کے لیے نمونے لینے کے تاریخ سے ہوتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر سے مزید 5 پولیو کیسز کی تصدیق

ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کے متحرک ہونے کے لیے کم از کم 3 ہفتوں کا وقت درکار ہوتا ہے، لہٰذا نمونے حاصل کرنے کے 3 ہفتوں بعد پولیو کیس کی تصدیق ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’یہ عین ممکن ہے کہ آئندہ چند ہفتوں تک ہم 2019 کے مزید پولیو کیسز کی تصدیق کریں‘۔

قبل ازیں 30 دسمبر کو وزارت قومی صحت کے انسداد پولیو پروگرام نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیو پروگرام گزشتہ 6 ماہ میں کئی تنازعات کا سامنا کرنے کے بعد آخر کار اپنی 'درست سمت پر گامزن' ہے۔

انسداد پولیو پروگرام نے دعویٰ کیا تھا کہ دسمبر میں انسداد پولیو مہم کے دوران 100 فیصد سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی گئی اور ملک بھر میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کے ہدف کے مقابلے میں 4 کروڑ 39 بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024