• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

گجرات: دو مختلف واقعات میں خواتین سمیت 8 افراد ہلاک

شائع January 12, 2020
گجرات کے نواحی علاقے میں ہونے والی آتشزدگی میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے — فائل فوٹو: رائٹرز
گجرات کے نواحی علاقے میں ہونے والی آتشزدگی میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے — فائل فوٹو: رائٹرز

صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں کوئلوں کی انگیٹھی سے کمرے میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ہوٹل کے کمرے سے 2 نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پہلا واقعہ گجرات میں کوٹلہ کے نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں پر کمرے میں موجود کوئلوں کی انگیٹھی کے باعث کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد دم گھٹ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ماں، دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب: مختلف حادثات میں 23 افراد ہلاک، 50 زخمی

ریسکیو ذرائع کے مطابق کمرے میں آتشزدگی کے باعث گھر کا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا اور ہلاک ہونے والوں کی لاشیں بھی مکمل طور پر جھلس گئی تھیں جبکہ کمرے سے دھواں نکلنے پر قریبی عزیزوں نے آگ کی اطلاع ریسکیو 1122 کو دی، جس پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

ریسکیو ٹیموں نے کمرے کی چھت توڑ کر آگ پر قابو پایا واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ نسیم بی بی، ان کے دو بیٹوں کاشف اور فیصل جبکہ 3 بیٹیوں زوبیہ، مدیحہ، طیبہ کے ناموں سے کی۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں موجود آبادی سرد موسم سے بچنے کے لیے مکانات میں انگیٹھی اور ہیٹر کا استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں اکثر دم گھٹنے سے ہلاکتوں اور آتشزدگی کے واقعات سامنے آتے ہیں۔

نجی ہوٹل کے کمرے میں نوجوانوں کی پُر اسرار ہلاکت

دوسری جانب گجرات میں ہی قائم ایک نجی ہوٹل کے کمرے سے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

واقعہ جی ٹی ایس چوک میں واقع عرب کیفے میں پیش آیا جہاں ریسکیو عملے کو ہوٹل کے بند کمرے میں دو نوجوانوں کی پراسرار ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پُر اسرار طور پر ہلاک ہونے والے دونوں نوجوان ہوٹل کے ملازمین ہیں جن کی شناخت مبشر اور شوکت کے ناموں سے ہوئی جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پولیس تشدد سے ہلاکت کا تیسرا واقعہ، مقدمے میں 6 اہلکار نامزد

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 18 سے 22 سال کے درمیان ہیں اور مبشر کا تعلق نواحی گاؤں لال پنڈی سے جبکہ شوکت کا تعلق لنگے کھوجے سے ہے۔

بعد ازاں ملازمین کی پر اسرار ہلاکت پر اے ڈویژن پولیس نے ہوٹل مالکان و دیگر ملازمین کو حراست میں لے کر ہوٹل کو سیل کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024