• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

رحیم یار خان: اسپرے کرنے والا فوکر طیارہ گرکر تباہ، 2 جاں بحق

طیارہ چولستان میں ٹڈی مار اسپرے کرنے جارہا تھا کہ تلو بنگلا کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا — فوٹو: ملک عرفان الحق
طیارہ چولستان میں ٹڈی مار اسپرے کرنے جارہا تھا کہ تلو بنگلا کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا — فوٹو: ملک عرفان الحق

صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں فصلوں پر اسپرے کرنے والا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

فصلوں پر اسپرے کرنے والے فکر طیارے نے ضلع رحیم یار خان میں شیخ زاید انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی۔

مزید پڑھیں: میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

طیارے نے چولستان کے علاقے میں ٹڈی مار اسپرے کرنا تھی تاہم وہ تحصیل صادق آباد کے علاقے تلو بنگلا میں گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں طیارے کا پائلٹ شعیب ملک اور ایئر کرافٹ انجینئر فواد خالد بٹ جاں بحق ہوگئے۔

ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق طیارہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گرا — فوٹو: ملک عرفان الحق
ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق طیارہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گرا — فوٹو: ملک عرفان الحق

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔

رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) علی شہزاد نے بتایا کہ طیارہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گرا۔

دوسری جانب نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے وزیر خسرو بختیار نے واقعے میں دو قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں پاک فوج کا طیارہ گر کر تباہ، عملے سمیت 17 افراد جاں بحق

انہوں نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

ٹڈی دل کے حملے

خیال رہے کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن (ایف اے او) نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان میں ٹڈی دل کی موجودہ صورتحال نہایت سنگین ہوسکتی ہے۔

ایف اے او کی ٹڈی دل کی نگرانی سے متعلق رپورٹ میں خدشات کا اظہار کیا گیا کہ ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور ٹڈی دل کا آغاز ستمبر کے آخر سے ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اگست کے مہینے میں ٹڈی چولستان، نارا اور تھرپارکر کے صحراؤں میں انڈے دیتی ہیں جہاں بھارتی سرحد کے قریب ٹڈیوں کا جھنڈ بنتا ہے۔

2019 کے اواخر میں ٹڈی دل تھر، سانگھڑ، دادو میں سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصل کو تباہ کرنے کے بعد کراچی بھی پہنچ گئی تھی۔

7 جنوری 2020 کو میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے تھے۔

گزشتہ سال کے اوائل میں بھی اس طرح ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024