• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ھیثم بن طارق نے عمان کے نئے سلطان کا حلف اٹھا لیا

شائع January 11, 2020
ھیثم بن طارق کو 2013 میں سلطان قابوس نے عمان کی ترقیاتی کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا تھا —فائل فوٹو: رائٹرز
ھیثم بن طارق کو 2013 میں سلطان قابوس نے عمان کی ترقیاتی کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا تھا —فائل فوٹو: رائٹرز

عمان کے سلطان قابوس بن السعید کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ھیثم بن طارق السعید کو عمان کا نیا سلطان بنادیا گیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 65 سالہ سابق وزیر ثقافت و ورثہ نے سلطان قابوس کی وفات کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی شاہی خاندان کونسل کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق حکام نے بغیر کسی وضاحت کے سلطان قابوس کی جانب سے جانشین نامزد کرنے کے لیے لکھا گیا خط کھولا اور ھیثم بن طارق کے نئے حکمران ہونے کا اعلان کردیا۔

عمانی حکومت نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ’شاہی خاندان کونسل کے اجلاس میں اسے سلطان نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسے سلطان نے چنا ہے جس کے بعد ھیثم بن طارق نے ملک کے نئے سلطان کی حیثیت سے حلف اٹھایا‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمان کے سلطان قابوس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

واضح رہے کہ عمان کے نئے سلطان ھیثم بن طارق کو 2013 میں سلطان قابوس نے عمان کی ترقیاتی کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا تھا اس کے علاوہ وہ وزیر قومی ورثہ و ثقافت کے عہدے پر بھی فائز تھے۔

قبل ازیں مشرق وسطیٰ کے سب سے طویل عرصے تک برسر اقتدار رہنے والے رہنما سلطان قابوس علالت کے باعث 79 سال کی عمر میں جمعے کی رات انتقال کر گئے تھے۔

ان کی وفات پر 3 دن کے سرکاری سوگ اور 40دن تک پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سلطان قابوس بڑی آنت کے کینسر کے باعث کافی عرصے سے بیمار تھے۔

عمان کی سرکاری خبررساں ادارے نے سلطان کی موت کی وجہ کا اعلان نہیں کیا تھا لیکن وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور ایک ماہ قبل ہی بیلجیئم میں زیر علاج رہ کر وطن واپس لوٹے تھے۔

مزید پڑھیں: مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں انتقال کرگئے

یہ رپورٹس آئیں تھیں کہ ان کے سوگواران میں کوئی جانشین شامل نہیں تھا کیوں کہ وہ غیر شادی شدہ تھے جبکہ نہ تو ان کے کوئی بچے تھے اور نہ ہی کوئی بھائی تھا۔

سلطان قابوس نے ایک اعتدال پسند لیکن فعال خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہو کر جزیرہ نما عرب کو پسماندہ سے جدید ریاست میں ڈھالا۔

سعودی سربراہی میں قائم گلف تعاون کونسل میں اپنی رکنیت محفوط بناتے ہوئے انہوں نے عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں اپنا کردار ادا کیا اور عمان ایک بہترین ثالث کے طور پر سامنے آیا۔

سلطان قابوس کی وفات ایسے وقت میں ہوئی کہ جب تہران اور واشنگٹن کے مابین کشیدگی عروج پر ہے جس میں عراق میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کے جوابی حملے کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ پر نئی پابندی لگانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024