• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹی20ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی میرا ہدف ہے، حارث رؤف

شائع January 10, 2020
حارث رؤف اب تک بگ بیش لیگ میں 14وکٹیں لے چکے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
حارث رؤف اب تک بگ بیش لیگ میں 14وکٹیں لے چکے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے راتوں رات سپر اسٹار بننے والے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی پر نظریں جما لی ہیں۔

26 سالہ حارث رؤف کو تین سال قبل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے گوجرانوالہ میں ہونے والے ٹرائلز میں دریافت کیا تھا اور وہ گزشتہ سال قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں ایکشن میں بھی نظر آئے تھے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین شائقین کی تنقید کے بعد 'حارث رؤف کا آداب'

تاہم وہ حال ہی میں اس وقت سپر اسٹار بنے جب دو ہفتے قبل آسٹریلین بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز میں ڈیل اسٹین کی جگہ شامل کیے گئے اور اپنی عمدہ کارکردگی سے سب کے دل جیت لیے۔

حارث رؤف دراصل ہوبارٹ ہریکینز کے کنٹریکٹ کے سلسلے میں آسٹریلیا گئے تھے لیکن انہیں ڈیل اسٹین کے زخمی ہونے پر تین میچ کے لیے میلبرن اسٹارز نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔

اس کے بعد حارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو انگلش فاسٹ باؤلر پیٹ براؤن کے زخمی ہونے پر پورے سیزن کے لیے ان کی خدمات حاصل کر لیں اور اب انہیں اگلے سیزن کے لیے بھی میلبرن اسٹارز کی جانب سے معاہدے کی پیشکش کیے جانے کا امکان ہے۔

حارث رؤف نے کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے رواں ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کو ہدف قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے آسٹریلین بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں اپنی صلاحیتوں کا ثبوت پیش کر چکا ہوں اور اب میرا اگلا ہدف آسٹریلیا میں رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمانئدگی کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کرکٹ میں مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور میں 2017 تک ٹینس بال سے کھیلتا رہا اور کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا لیکن لاہور قلندرز نے میرے خواب کو سچ ثابت کر دکھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں محسوس کرتا تھا کہ 140کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے باؤلنگ کرنے والے باؤلر کو پاکستان میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، میری رفتار ہے اور مجھے جنون ہے اور میں یہ ماننے لگا ہوں کہ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہوں۔

حارث رؤف رواں سال بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 5 میچوں میں 14وکٹیں لے چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024