• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

افسانہ: گُم شُدہ شہر کی کہانی

شائع January 9, 2020

آدھی رات کو اس نے اپنے گھر کے دروازے پر دستک دی تو اسے یوں محسوس ہوا جیسے وہ ساری عمر دستک دیتا رہے گا اور یہ دروازہ کبھی نہیں کھلے گا۔

وہ جوان ہوگیا تھا لیکن اس کا دل 5 سال کے بچے جیسا تھا، اس نے بہت چاہا کہ وہ بڑا ہوجائے لیکن ہر بار ناکام رہا۔ اب جبکہ وہ ایک 35 سال کا جوان آدمی تھا تو وہ کوشش کرتا کہ ہر اس صورتِ حال سے بچے جس سے لوگوں کو اس کے ’5 سالہ دل‘ کے بارے معلوم ہوجائے۔

جب تک یہ آدمی دروازے پر کھڑا ہے، اتنی دیر میں ہم درج ذیل 3 باتیں جان لیتے ہیں۔

  • افشین نے ایک عمارت کے چوتھے فلور سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔
  • افشین کے باپ نے 4 لاکھ کا انگلش بل ڈاگ منگوالیا۔
  • افشین نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر لکھا ’میں ان زہریلے مچھروں سے تنگ ہوں، شاید میں جلد مرجاؤں‘۔

بھلا ان باتوں کا آپس میں کوئی تعلق ہوسکتا ہے؟ بہت سی باتوں کا آپس میں گہرا تعلق ہوتا بھی ہے اور نہیں بھی۔

اس کہانی کو لکھنے کے لیے مجھے مکمل خاموشی چائیے جو ایک کمرے کے مکان میں میسر نہیں سو مجھے بار بار گلی میں جاکر سگریٹ پھونک کر کرداروں کے بارے سوچنا پڑتا ہے۔ اس لیے آپ کو وقفوں وقفوں میں مختلف کرداروں کی کہانی پڑھنا ہوگی۔

میری بیوی کا خیال ہے کہ کہانیاں لکھنے سے گھر نہیں چل سکتا، میرا بھی یہی خیال ہے لیکن میں اب کیا کرسکتا ہوں؟ وہ مجھے بتارہی ہے کہ اس کے بھائی نے اپنا مکان لے لیا ہے۔ ہم کب تک کرائے کے ایک کمرے میں رہیں گے؟ لیکن میرے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں۔

میں سگریٹ پینے گلی میں چلا جاتا ہوں۔ واپس آیا تو میری بیوی کی آنکھ لگ چکی تھی۔

چلیے آئیے ہم کہانی کی جانب لوٹتے ہیں۔

اب جب کہ وہ بڑا ہوچکا تھا لیکن اس کا دل بالکل بچوں جیسا ہونے کی وجہ سے وہ راتوں کو روتا رہتا۔ اس کی پوری کوشش ہوتی کہ وہ اخبار نہ پڑھے لیکن جب کبھی لوگ اس کے سامنے کسی خبر پر بحث کرتے تو وہ کوئی جواب نہ دیتا، شاید لوگ موضوع بدل لیں۔

قتل و غارت اور دھماکوں کی خبروں سے وہ بے انتہا اداس ہوجاتا لیکن اس شہر کے لوگ زندگی کی بجائے موت کے بارے میں زیادہ گفتگو کرتے۔ وہ جلدی جلدی اپنے گھر پہنچتا اور ساری رات کانوں میں ہیڈفون لگاکر گانے سنتا رہتا۔ پھر کمبل میں منہ چھپا کر روتے روتے سوجاتا۔

جوں جوں اس کی عمر بڑھتی جارہی تھی، شہر بدلتا جارہا تھا اور قتل و غارت کی خبریں بڑھ گئی تھیں۔ وہ دعا کرتا کہ ’یاخدا اس شہر کو کوئی قانون عطا فرما‘۔

وہ نوجوان ابھی تک دروازے پر کھڑا کانپ رہا ہے لیکن دروازہ کھل نہیں رہا۔ کوئی تو دروازہ کھولے کہ بڑی مشکلوں کے بعد اسے اپنا گھر ملا تھا۔ یہاں پہنچنے سے پہلے وہ شہر کی کئی گلیاں دوڑتا رہا تھا، دراصل اس کے پیچھے کتے پڑگئے تھے۔ ایک گلی کے سِرے پر چند لڑکے کتوں کی لڑائی کرانے کا سوچ رہے تھے، رات کافی بیت چکی تھی اور اس نے دیکھا کہ تمام کتے نیند میں اونگھ رہے ہیں، لڑکوں نے کتوں کو چابک رسید کیے تو کتوں نے بھونک بھونک کر سارا شہر جگادیا۔

وہیں ایک بچی رو رہی تھی۔

’یہ رو کیوں رہی ہے؟‘، اس نوجوان نے سوچا۔ شاید وہ بھی کتوں سے ڈر گئی ہے۔ وہ اسے حوصلہ دے کر چپ کرانا چاہتا تھا لیکن اس کا اپنا ڈر کے مارے بُرا حال تھا، سو اس کی آواز اندر ہی دب گئی۔ وہ ننھی لڑکی دوڑ کے آگے بڑھ جاتی ہے لیکن یہ کیا وہ پھر واپس آرہی ہے؟ شاید آگے گلی بند تھی یا پھر آگے بھی کتے تھے۔ اسے یوں محسوس ہورہا تھا جیسے شہر کو کتوں نے چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔ حالانکہ افشین نے اسے درج ذیل 3 باتیں بتائی تھیں۔

  • اس شہر میں ایسے مچھر ہیں جن کے سر آدمیوں کی طرح ہیں اور روز بروز ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
  • میرے باپ نے میری ماں کو طلاق دے دی ہے، وہ باہر سے کتے امپورٹ کرتا تھا لیکن میری ماں کو اعتراض تھا سو اس نے طلاق دے دی۔
  • اب میں جہاں رہتی ہوں وہاں ہر طرف مچھر ہی مچھر ہیں، مجھے امید ہے تم مجھے اس شہر سے ضرور دُور لے جاؤ گے۔

اس ننھی لڑکی کی آنکھوں میں ایسا خوف تھا جو کتوں اور لڑکوں کے سوا ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا تھا۔

وہ آدمی کہ جس کا دل 5 سال کے بچے جیسا تھا، ڈر گیا۔ اس نے سوچا ’ان کتوں کو کوئی روکتا کیوں نہیں؟‘

لیکن اس شہر میں اب کوئی کسی کو نہیں روک سکتا تھا۔

یہ بالکل نیا شہر تھا، پرانا شہر آہستہ آہستہ معدوم ہوتے ہوتے آج مکمل طور پر گم ہوگیا تھا۔

وہ وہاں سے بھاگا کہ اسے پرانا شہر ڈھونڈنا تھا۔

’کیا یونہی بھاگتا جاؤں، بھاگتا جاؤں تو مجھے گُم ہوا شہر مل جائے گا؟‘، اس نے اپنے آپ سے سوال کیا تھا۔

’نہیں، نہیں، نہیں۔ گم ہوئے شہر کبھی نہیں ملتے‘، اندر سے جواب ملا تھا۔

وہ اس نئے شہر سے بھاگ جانا چاہتا تھا، چند روز پہلے افشین نے اسے بتایا تھا کہ ’وہ تو اس شہر سے دُور جانے والی ہے، بہت دُور بلکہ خواب میں اس نے ایک گاڑی بھی پکڑلی تھی، جس پر وہ بغیر ٹکٹ سوار ہوگئی تھی اور اس نے کئی ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے یہ شہر پار کرلیا تھا۔ خواب میں انسان بہت تیز سفر کرتا ہے، صدیوں بھرا دن لمحوں میں کٹ سکتا ہے‘۔

’ہوسکتا ہے یہ زندگی عرصہ خواب ہو؟‘، اس نے افشین سے پوچھا تھا۔

’نہیں بالکل نہیں، یہاں ایک ایک لمحہ صدی بن گیا ہے، یہ خواب نہیں ہوسکتا‘، افشین نے کہا۔

’اس سے پہلے کہ دالیں سبزیوں کے بھاؤ، سبزیاں گوشت کی قیمت پر بکیں اور گوشت ہماری قوتِ خرید سے باہر ہوجائے ہمیں اس سے پہلے اس شہر سے بھاگ کر شادی کرلینی چاہیے‘، افشین نے کہا۔

’لیکن میری تو شادی ہوچکی ہے اور میرا ایک بچہ بھی ہے۔ لیکن اگر پھر بھی تم مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہو تو سنو، ہم ضرور شادی کرلیں گے، بس کچھ رقم میرے ہاتھ آجائے، میں پیسے جمع کررہا ہوں، مجھے کچھ وقت چاہیے‘۔

’وقت ہی تو نہیں ہے‘، افشین نے کہا اور اس کے پاس واقعی وقت نہیں تھا۔ اس نے آج ایک بلڈنگ سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔ اس شہر میں اب ایسا کوئی قانون نہیں تھا جس سے یہ ثابت کیا جاسکتا کہ اس نے بلڈنگ سے چھلانگ لگائی تھی یا اسے مچھروں نے نیچے پھینکا تھا؟

وہ ڈرا ہوا لڑکا بھاگتا بھاگتا ایک گلی میں داخل ہوا جو اس کی اپنی گلی ہی کی طرح تھی، لیکن اس کا گھر کہیں موجود نہیں تھا۔ صبح تک تو اس کا گھر اسی گلی میں موجود تھا، معلوم نہیں اب اس کا گھر کہاں ہے؟ ابھی وہ یہ سوچ ہی رہا تھا کہ ایک لڑکا ہاتھ میں کتے کی رسی پکڑے اس کے سامنے آگیا۔ لڑکے اور کتے کی آنکھوں میں وحشت صاف دکھائی دے رہی تھی۔

’دیکھو مجھ سے لڑنا مت، مجھے لڑنا نہیں آتا‘، اس نے گھبرا کر کتے والے نوجوان سے التجا کی۔

لڑکے نے اس کا گریبان پکڑ لیا اور ایک زوردار تھپڑ اسے رسید کیا۔

’دیکھو مجھے چھوڑ دو میں ڈرا ہوا انسان ہوں، میرے ماں باپ بھی ڈرے ہوئے تھے اور انہوں نے مجھے سکھایا تھا کہ کسی سے مت لڑنا‘۔

لڑکے نے اسے دھکا دے کر نیچے گرا دیا۔ ’تم اتنے بڑے ہوگئے ہو اور ابھی بھی ڈرتے ہو، یہ لو کتا اور شہر کی گلی گلی میں گھومو‘۔

’کتا؟ نہیں، نہیں مجھے کتوں سے خوف آتا ہے‘۔

’خوف؟ کس بات کا خوف؟ اب تو شہر میں انسانوں سے زیادہ کتے ہیں‘۔

وہ وہاں سے بھاگا تو کتے والے لڑکے نے پیچھے سے آواز لگائی، ’نئے شہر میں رہنے کے لیے ہمارے جیسے ہوجاؤ، ورنہ تمہیں شہر چھوڑنا پڑے گا‘۔

وہ بھاگتا رہا، بھاگتا رہا حتٰی کہ اپنے گھر کے دروازے پر پہنچ گیا۔ لیکن اب دروازہ نہیں کُھل رہا تھا۔

’آپ رات کے اس وقت باہر کیوں گئے تھے؟‘، میں آپ سے معذرت چاہتا ہوں دراصل میری بیوی کی آنکھ پھر کھل گئی ہے۔

’سگریٹ پینے گیا تھا‘، میں نے اسے بتایا۔

’چار پیسے جو کماتے ہو، وہ بھی دھوئیں میں اُڑا دیتے ہو۔ اس بچے کو دیکھو، کل کو اس نے اسکول جانا ہے، کچھ بننا ہے۔ کیا تم نے اس بارے میں کچھ سوچا ہے؟‘، لیکن میرے پاس ان میں سے کسی سوال کا جواب نہیں۔

رکیے! میں سگریٹ پی کر آتا ہوں۔

’اب پھر باہر جارہے ہو؟ تم کبھی بھی ہمارے بارے میں نہیں سوچتے‘۔

میں اپنے ایک کمرے کے مکان سے باہر آجاتا ہوں۔ باہر بے انتہا سردی ہے لیکن میرے اندر آگ جل رہی ہے۔ سگریٹ سلگا کر میں نے سامنے دیکھا تو ایک آدمی تھر تھر کانپ رہا تھا۔

’کیا ہوا؟ خیریت تو ہے؟‘، میں نے پوچھا۔

آدمی نے سر اُٹھایا۔

’تم؟؟؟‘

’تم یہاں کیا کررہے ہو، تم تو کہانی میں تھے‘، میں نے اس سے پوچھا۔

اس آدمی نے میرا گریبان پکڑلیا۔

’تم نے مجھے یہاں اکیلا کھڑا کرکے اچھا نہیں کیا۔ شہر میں ہرطرف کتے ہی کتے دندنا رہے ہیں اور یہ چوٹیں دیکھو جو بھاگ بھاگ کر لگی ہیں۔ اب یہ دروازہ کھلواؤ ورنہ میں خوف سے مرجاؤں گا‘، وہ رونے لگ گیا۔

’لیکن تم تو کہانی میں تھے تم یہاں کیسے پہنچے ہو؟‘

’دروازہ کھلواؤ، میں مرجاؤں گا۔ یہ شہر اب رہنے کے قابل نہیں رہا‘، وہ چلّایا۔

’جب اتنا حوصلہ نہیں تھا تو محبت کیوں کی تھی؟‘، میں بھی چلّایا۔

’میں نے تو اسے بتایا بھی تھا کہ میرا دل ایک 5 سال کے بچے جتنا ہے، میں ان کتوں اور مچھروں سے لڑنے کا حوصلہ نہیں رکھتا۔‘

’خدا کے لیے دروازہ کھلواؤ، میرا دل خوف سے پھٹ جائے گا‘۔

’اندر آجائیے، باہر بہت سردی ہے‘، میری بیوی نے کھڑکی سے آواز لگائی۔

محمد جمیل اختر

پاکستان اور انڈیا کے بیشتر اردو اخبارات اور جرائد میں محمد جمیل اختر کے افسانے شائع ہوچکے ہیں، جس میں فنون، ادبیات، ایوان اردو دہلی، ادب لطیف، اردو ڈائجسٹ اور سہ ماہی تسطیر قابل ذکر ہیں۔ افسانوں کی پہلی کتاب ’ٹوٹی ہوئی سڑک‘ 2017 میں شائع ہوئی۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

شہریار قاضی Jan 09, 2020 08:24pm
بہت عمدہ افسانہ۔ تکنیک بہت پسند آئی
شہریار قاضی Jan 09, 2020 08:24pm
بہت خوب
ریمل آرزو Jan 09, 2020 08:58pm
بہت عمدہ
ریمل آرزو Jan 09, 2020 08:59pm
زبردست
Ali Waqas Jan 09, 2020 10:19pm
Bht Achaw
Humaira Ashraf Jan 10, 2020 11:54am
ہمیشہ کی طرح بہترین! ہر روز ڈان کی ویب سائٹ آپ کے افسانوں کی تلاش میں کھولتی ہوں۔
نعمان Jan 11, 2020 09:38am
واہ بہت عمدہ اور منفرد انداز تحریر
husna Jan 11, 2020 09:15pm
wow..Amazing...bohot hi zabardast..looking forward for your next gem...
Khan Jan 11, 2020 11:40pm
anyone to make me understand

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024