حمزہ نے انڈر15 ٹائٹل جیت لیا، پاکستان 8 سال بعد برٹش اوپن چیمپیئن بن گیا
پاکستان کے محمد حمزہ خان نے برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں انڈر 15 کا ٹائٹل جیت کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
برمنگھم میں کھیلے گئی برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں انڈر15 کے فائنل میں حمزہ خان نے انگلینڈ کے یوسف شیخ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
یہ برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں 8 سال بعد پاکستان کا پہلا ٹائٹل ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں محمد حمزہ نے مصر کے یاسین شوہدے کو عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 19منٹ میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ان کی جیت کا اسکور 5-11، 8-11 اور 7-11 تھا۔
حمزہ نے پیر کو فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے انڈر-15 کے فائنل میں انگلینڈ کے یوسف شیخ کو صرف 17منٹ میں 4-11، 3-11 اور 7-11 سے مات دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان انڈر 15 پلیئر حمزہ خان نے برطانوی حریف کے خلاف پہلا گیم 6 منٹ جبکہ اگلے دو گیمز 5، 5 منٹ میں جیت کر 2012 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو برٹش اوپن میں ٹائٹل جتوایا۔
کامیابی کے بعد گفتگو میں حمزہ خان نے کہا کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرکے خوش ہیں، اب اگلے سال وہ انڈر 17 میں مقابلہ کریں گے اور کوشش کریں گے کہ دوبارہ پاکستان کے لیے اعزاز جیتیں۔