• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'آئٹم گرل' کہنے پر عامر لیاقت کو مہوش حیات کا کرارا جواب

شائع January 6, 2020
دونوں ٹوئٹر پر آپس میں الجھ پڑے — فوٹو: انسٹاگرام
دونوں ٹوئٹر پر آپس میں الجھ پڑے — فوٹو: انسٹاگرام

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے چند روز قبل ٹوئٹر پر ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے کی مذمت کی تھی، جس کے بعد ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے 'آئٹم گرل' کہا تھا۔

مہوش حیات نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ 'یقین نہیں آرہا ہے 2020 کو شروع ہوئے صرف 72 گھنٹے گزرے ہیں اور دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، میرا خیال ہے ایسا اس وقت ہوتا ہے جب آزاد ملک کے رہنما بین الاقوامی قوانین کی پروا کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کریں، یہ بات صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں، خدا ہم سب کی حفاظت کرے'۔

جس کے بعد عامر لیاقت نے اپنی ایک ٹوئٹ میں مہوش حیات پر تنقید کی اور لکھا کہ 'تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں، اُنہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہیے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے کے لیے بلاتے؟'

اس ٹوئٹ پر عامر لیاقت کو متعدد صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ خود مہوش حیات نے بھی انہیں کرارا جواب دے دیا۔

اداکارہ نے عامر لیاقت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'یہ آئٹم گرل اپنی رائے دینے کا جمہوری حق استعمال کررہی ہے جبکہ آپ صرف طعنہ بازی کرسکتے ہیں اور کچھ نہیں، مرد بنیں'۔

خیال رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔

آج (6 جنوری 2020) کو ایران کے شہر تہران میں کمانڈر قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

مہوش حیات نے اپنی فلم 'لوڈ ویڈنگ' کا حوالہ دیتے ہوئے بھی عامر لیاقت پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ 'ویسے اُس مقدمے کا کیا ہوا جو آپ لوڈ ویڈنگ کو لے کر میرے خلاف دائر کرنے والے تھے؟ میں بے چینی سے انتظار کررہی ہوں'۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت نے مہوش حیات کو 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ میں کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم کی کہانی ان کے گرد گھومتی ہے اور ان کی رضامندی کے بغیر ہی انہیں غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

مہوش حیات پر تنقید کرتے ہوئے عامر لیاقت نے لکھا تھا کہ 'تو کیا میں بھی آپ کے خلاف فلم لوڈ ویڈنگ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر نہ کروں، جو پوری فلم میرے گرد گھومتی ہے، جس میں میری رضامندی کے بغیر مجھے غلط انداز سے پیش کیا گیا اور کردار کشی کی گئی، ایک فنکار ہونے کے ناطے آپ کو ایسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہیے تھا مگر آپ اسے روک نہیں سکیں'۔

جس کے بعد عامر لیاقت نے مہوش حیات اور فلم کے دوسرے مرکزی اداکار فہد مصطفیٰ کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

عامر لیاقت نے گزشتہ سال مہوش حیات کو تمغہ امیتاز ملنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024