• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خیبرپختونخوا کے نئے وزیرتعلیم میٹرک پاس نکلے

شائع January 4, 2020
کابینہ میں ردوبدل کے بعد اکبر ایوب کو وزیر تعلیم بنایا گیا—فائل فوٹو: فیس بک
کابینہ میں ردوبدل کے بعد اکبر ایوب کو وزیر تعلیم بنایا گیا—فائل فوٹو: فیس بک

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے وزیراعلیٰ کی جانب سے کابینہ میں ردوبدل کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ صوبے کے نئے وزیرتعلیم اکبر ایوب صرف میٹرک پاس ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں ڈیڑھ سال بعد ہی ردوبدل کرتے ہوئے 4 وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے گئے تھے جبکہ مزید 2 نئے وزرا، ایک مشیر اور 8 معاونین کو حکومتی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر تعلیم انٹر پاس نکلے

اسی تبدیلی کے نتیجے میں اکبرایوب خان کو محکمہ تعلیم کا وزیر بنایا گیا تھا، جن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ صرف میٹرک پاس ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق اکبر ایوب خان نے 1988 میں میٹرک کی تعلیم مکمل کی جبکہ ان کی اس کے بعد کی تعلیم کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔

ماضی میں انگوٹھا چھاپ بھی وزیرتعلیم رہے، شوکت یوسفزئی

دوسری جانب صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اکبر ایوب کی تعلیم میٹرک ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اکبر ایوب کی تعلیم میٹرک ہے لیکن آپ دیکھیں کہ وہ 7 برس سے کمیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) کے وزیر رہے ہیں، ان میں کافی صلاحیت اور تجربہ ہے اور اسی بنیاد پر انہوں نے اپنے محکمے کو کافی اچھے انداز میں چلایا ہے۔

ویب سائٹ پر درج معلومات—تصویر: سراج الدین
ویب سائٹ پر درج معلومات—تصویر: سراج الدین

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ان کی اسی کارکردگی کو دیکھ کر ایجوکیشن ایلیمنٹری دی گئی ہے کیونکہ تعلیم کے دو حصے ہیں ہائیر اور ایلیمنٹری ایجوکیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکبر ایوب کی انگریزی سب سے اچھی ہے اور ان میں بات کرنے اور مذاکرات کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اکبر ایوب نے 1992 میں اپنی تعلیم چھوڑ دی تھی اور وہ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے اپنا کاروبار بنایا جبکہ یہ کنسٹرکشن (تعمیرات) کا کام کرتے ہیں اور یہ بڑے اچھے تاجر بھی ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل کام ادارہ چلانا ہوتا ہے اور وہ پہلے بھی ادارہ چلا چکے ہیں جبکہ ان کی اس صلاحیت سے ہمیں فائدہ اٹھانا ہے، لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ اکبر ایوب بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: غیر حاضری، جعلی ڈگری پر 104 اساتذہ برطرف

ماضی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں انگوٹھا چھاپ اور پرائمری تعلیم کے حامل لوگ بھی وزیرتعلیم رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے سابق وزیر تعلیم عاطف خان کی تعلیمی قابلیت بھی انٹرمیڈیٹ نکلی تھی۔

سال 2018 کے انتخابات کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں جمع دستاویزات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 5 سال تک صوبائی وزیرتعلیم رہنے والے عاطف خان صرف انٹرمیڈیٹ ہیں جبکہ انہوں نے گریجویشن کا دعویٰ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024