• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ننکانہ صاحب واقعے کو مذہبی رنگ دینا غلط ہے، دفتر خارجہ

بیان میں کہا گیا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گردوارہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا—فائل فوٹو: اے پی پی
بیان میں کہا گیا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گردوارہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا—فائل فوٹو: اے پی پی

پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں 3 جنوری کو پیش آنے والے واقعے کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ واقعے کو مذہبی مسئلہ قرار دینے کی کوششیں غلط ہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ننکانہ صاحب میں ایک چائے کے اسٹال پر 2 مسلمان گروہوں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

بیان میں بتایا گیا کہ جھگڑے کے بارے میں صوبائی حکومت نے آگاہ کیا جس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جو اب زیر حراست ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گردوارہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا، اس کے برخلاف تمام انتشار اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرنے کے دعوے جھوٹے اور شرارت پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین گردوارہ ننکانہ صاحب کے باہر سے منتشر

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان امن و امان کو برقرار رکھنے اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کرتارپور صاحب راہداری کا افتتاح قائد اعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں سے متعلق ویژن کا ایک مظہر ہے۔

ننکانہ صاحب میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، نورالحق قادری

مذکورہ واقعے کے بارے میں بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند مقامی افراد نے گرفتار افراد کی رہائی کے لیے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا جنہیں انتظامیہ نے خوش اسلوبی سے منتشر کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: مبینہ جبری مذہب تبدیلی: پنجاب حکومت، سکھ برادری سے مذاکرات کرے گی

وفاقی وزیر کے مطابق واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا جبکہ اس سلسلے میں حکومت پنجاب اور متروکہ وقف املاک انتظامہ عمائدین علاقہ سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معمولی تنازع کو مذہبی تصادم کا رنگ دینا غلط ہے اور اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرنا افسوسناک ہے۔

نورالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان اپنے ملک میں سراپا احتجاج اقلیتوں سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ننکانہ صاحب میں گرو گوبند سنگھ کے جنم دن کی تقریبات معمول کے مطابق جاری ہیں۔

ننکانہ صاحب میں کیا ہوا تھا؟

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ننکانہ صاحاب میں ایک چائے کے اسٹال پر ہونے والی بحث سے شروع ہونے والا جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ امن و عامہ کی صورتحال کے لیے خطرہ بن گیا جس کے باعث پولیس مداخلت کرنی پڑی۔

اطلاعات کے مطابق گردوارہ جنم استھان کے سامنے قائم زمان نامی شخص کے چائے کے اسٹال پر 4 افراد چائے پی رہے تھے جنہوں نے اس کے بھیتجے محمد احسان کے بارے میں بات کرنی شروع کردی۔

واضح رہے کہ محمد احسان کا نام کچھ ماہ قبل اس وقت خبروں میں آیا تھا جب اس پر ایک سکھ لڑکی سے مبینہ طور پر جبراً مذہب تبدیل کروانے کے بعد شادی کا الزام لگا تھا جس کے بعد اسے گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی سکھ برادری کہاں ہے؟

دوسری جانب یہ بات سامنے آئی تھی کہ لڑکی قانونی طور پر بالغ ہے جس نے اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کیا تھا، بعد ازاں حکومت نے اس معاملے میں مداخلت کی اور معاملہ سلجھا دیا تھا۔

چائے اسٹال پر موجود افراد کی باتوں پر زمان نے غصے میں ردِعمل دیا جو 2 گروہ میں تنازع کی صورت اختیار کرگیا۔

جھگڑے کے بعد ایک مجمع جمع ہوگیا جو نعرے بازی کرنے لگا، اس موقع پر ننکانہ صاحب پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو کیا۔

اس ضمن میں آر پی او شیخوپورہ فاروق مظہر نے ڈان کو بتایا کہ پولیس کے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد مجمع پرامن طور پر منتشر ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024