'غیر ضروری تحفے دیے نہ جہیز لیا'
پاکستان کی نامور اور خوبصورت جوڑی اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقرا عزیز نے رواں سال 28 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ کر اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔
ان دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ 25 تاریخ سے ہوا جبکہ ان کا ولیمہ گزشتہ روز (30 دسمبر) کو منعقد ہوا۔
شادی کی باقی تقریبات کی طرح ان کا ولیمہ بھی گھر میں منعقد ہوا جس میں خاندان والوں سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
یاسر حسین اور اقرا عزیز دونوں نے اپنے ولیمے کے موقع پر اداکار فواد خان کی اہلیہ کے برینڈ 'ایس ایف کے برائڈلز' کے ملبوسات زیب تن کیے، جس میں یہ دونوں نہایت خوبصورت نظر آئے۔
خیال رہے کہ اداکارہ نیمل خاور خان نے بھی اپنے ولیمے میں ایس ایف کے برائڈلز کا جوڑا پہنا تھا۔
شادی کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد یاسر حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اداکارہ اقرا عزیز کے ساتھ نہایت سادگی سے شادی کی اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ شادی جیسے خوبصورت تعلق کو مشکل بنانے سے گریز کریں۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اقرا عزیز کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں۔
اس پر ان کا کہنا تھا کہ 'بھائیوں اور بہنوں، شادی اتنی مشکل چیز نہیں ہے جتنا ہم نے مل کے اسے بنا دیا ہے، میں شادی گھر میں ہی کرتا مگر چھوٹی جگہ کی وجہ سے گھر سے باہر منتقل کی'۔
اداکار نے مزید لکھا کہ 'ہم نے ایک دوسرے کے گھر والوں کو کوئی غیر ضروری تحفے نہیں دیے، جہیز نہیں لیا، بری نہیں بنی، فضول زیورات ہر پیسے خرچ نہیں کیے، نکاح خواں کے 8000 اور کھانا حسب استطاعت، شادی بس یہی ہے، اپنے گھر والوں پر رحم کریں اور شادی کو آسان بنائیں'۔
اداکار نے ایک اور پوسٹ میں نکاح نامے پر دستخط کرتے وقت کی تصویر بھی شیئر کی جس پر انہوں نے لکھا کہ 'مجھے کیا پتا تھا کہ ایک دستخط سے میری زندگی اتنی خوبصورت ہوجائے گی'۔
دوسری جانب شادی کے فوری بعد ہی اقرا عزیز نے سوشل میڈیا پر اپنا نام 'اقرا عزیز' سے تبدیل کرتے ہوئے 'اقرا عزیز حسین' رکھ لیا۔
جبکہ یاسر حسین نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اقرا عزیز کی دلہن بنی ہوئی تصویر شیئر کی اور دنیا سے اپنی اہلیہ کا تعارف 'اقرا عزیز حسین' لکھ کر کروایا۔
یاد رہے کہ اقرا عزیز نے شادی کی تقریب میں ڈیزائنر نومی انصاری کی جانب سے بنایا گیا سرخ لہنگا زیب تن کیا تھا۔
نومی انصاری کی جانب سے بنایا لہنگا سوشل میڈیا پر خوب چرچا میں رہا جبکہ کئی افراد نے ڈیزائنر پر یہ الزام بھی لگایا کہ انہوں نے بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی کی جانب سے پریانکا چوپڑا کے لیے بنائے گئے عروسی جوڑے کی نقل کی ہے۔