وزیراعظم کی سرد موسم میں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کا انتظام کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو سرد موسم میں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ پناہ گاہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'انتظامیہ بے گھر افراد کے لیے فوری طور پر کھانے کا انتظام بھی کرے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'جن کے لیے پناہ گاہوں میں جگہ نہیں ان کے لیے عارضی بندوبست کیا جائے'۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے 100 روزہ پلان کے تحت ملک بھر میں متعدد شیلٹر ہومز قائم کیے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پناہ گاہ شیلٹر ہوم کے قیام کی سوچ کو جہاں ہر سطح پر بہت پذیرائی ملی وہیں چند روز قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ یہ پناہ گاہیں اپنی مدد آپ کے تحت چلائی جا رہی ہیں اور یہ شیلٹر ہومز مالی مسائل کا شکار مقامی حکام کے لیے انتظامی اور مالی بوجھ بن گئے ہیں۔
حکومت نے فنڈز مختص کیے بغیر وفاقی دارالحکومت اور دونوں صوبوں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پناہ گاہ قائم کردی تھی اور یہ مانا جا رہا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے لیے فنڈز مختص نہ کیے تو ان گھروں کو طویل مدت تک چلانا مشکل ہو گا۔
ان میں سے کچھ پناہ گاہیں سرکاری عمارتوں میں قائم کی گئی ہیں، کچھ کا عارضی انتظام کیا گیا ہے اور کچھ عمارتوں کو کرائے پر حاصل کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر عمارت اور فرنیچر کی قیمت کا خرچ مقامی انتظامیہ اور صوبائی محکموں نے اٹھایا البتہ اس کام کے بہتر انتظام کے لیے انہیں مستقل بنیادوں پر فنڈز کی ضرورت ہے۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام گفتگو کرنے پر ڈان کو معلوم ہوا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ فراہم کیے بغیر مقامی انتظامیہ پر ان پناہ گاہوں کو چلانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
اب مقامی انتظامیہ نے اس سلسلے میں کچھ این جی اوز سے رابطہ کیا ہے تاکہ بے گھر افراد اور حکومت دونوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔