• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

امریکا میں یہودی ربی کے گھر پر حملہ، چاقو کے وار سے 5 افراد زخمی

شائع December 29, 2019
امریکا کی ریاست نیو یارک میں یہودی ربی کے گھر پر چاقو کے حملے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ — فوٹو: رائٹرز
امریکا کی ریاست نیو یارک میں یہودی ربی کے گھر پر چاقو کے حملے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ — فوٹو: رائٹرز

امریکا کی ریاست نیو یارک میں یہودی ربی کے گھر پر چاقو کے حملے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اورتھوڈوکس جیوش پبلک افیئرز کونسل (او جے پی اے سی) کا کہنا ہے کہ نقاب پوش حملہ آور نیو یارک شہر سے شمال کی جانب 30 میل کی مسافت پر روک لینڈ کاؤنٹی میں ربی کے گھر پر حملہ کرکے فرار ہوگیا۔

کونسل نے بتایا کہ تمام پانچوں زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ایک پر 6 مرتبہ چاقو کے وار کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: عرب اینکر اور یہودی اداکار کی شادی پر اسرائیلی سیاستدان سیخ پا

راماپو پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ 'مشتبہ شخص جائے وقوع سے فرار ہوگیا تھا تاہم وہ اب پولیس کی حراست میں ہے'۔

پولیس نے تصدیق کی کہ واقعے میں 5 افراد زخمی ہوئے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

او جے پی اے سی حکام یوسی گیسٹیٹنر نے نیو یارک ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ رات 10 بجے ہوا جب ربی کے گھر پر روشنیوں کا تہوار حنوکاہ کی تقریبات جاری تھیں جس میں درجنوں افراد شریک تھے۔

واضح رہے کہ راک لینڈ کاؤنٹی کی ایک تہائی آبادی یہودیوں پر مشتمل ہے ان میں بڑی تعداد میں اورتھوڈوکس یہودی شامل ہیں جو ویران مقامات پر رہائش اختیار کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں نیو یارک کے اٹارنی جنرل لیٹیٹیا جیمز نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یہودی فلسطین چھوڑ کر آبائی وطن سعودی عرب میں آباد ہوں، خاتون صحافی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان جاری میں ان کا کہنا تھا کہ ' کسی بھی قسم کی نفرت پر مبنی اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہم اس ہولناک صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں'۔

نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ یہود مخالف حملے کے بعد ان کے افسران یہودی علاقوں میں پیٹرولنگ میں اضافہ کر رہے ہیں۔

میئر بل ڈی بلاسیو نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ' ہمارے شہر میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے، یہ حملہ نیویارک کے عوام پر حملہ ہے'۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2019 میں سین ڈیاگو میں ایک مسلح شخص نے خاتون ربی کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

یہودی تہوار سبت کی تقریب کے دوران ہونے والے واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ حنوکاہ مقدس مندر کی یاد میں یہودیوں کا 8 روز کا ایک تہوار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024