• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نئے آرڈیننس کے ذریعے نیب کو تاجر برادری سے الگ کردیا، وزیر اعظم

شائع December 27, 2019 اپ ڈیٹ January 11, 2020
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تاجر برادری کا ایک بڑا مسئلہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی مداخلت تھی تاہم آرڈیننس کے ذریعے نیب کو تاجر برادری سے علیحدہ کر دیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تاجر برادری وسائل پیدا کرتی ہے، وہ قوم آگے نہیں بڑھ سکتی جہاں تجارتی طبقہ مسائل سے دوچار رہے، جبکہ اس ضمن میں حکومت کا کام سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ایک بڑا مسئلہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی مداخلت تھی اور تاجر برادری نے اس مسئلے کا برملا اظہار کیا۔

عمران خان نے تاجروں کو مبارک باد دیتے ہوئےکہا کہ 'آرڈیننس کے ذریعے نیب کو تاجر برادری سے علیحدہ کر دیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نیب کو صرف پبلک آفس ہولڈرز کی اسکروٹنی کرنی چاہیے، نیب تاجر برادری کے لیے بہت بڑی رکاوٹ تھی'۔

انہوں نے کہا کہ 2023 تک یہ بھولنے تک نہیں دوں گا کہ ہمیں کس حالت میں پاکستان ملا، گزشتہ حکومتوں کے کارنامے بتاتا رہوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 30 ہزار ارب روپے کا قرضہ ملا تھا، ہم اپنی کارکردگی بھی بتائیں گے اور یہ بھی بتاؤں گا کہ کس طرح کا پاکستان اور ادارے ملے تھے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی ٹیم ہر وقت موجود ہے اور کوشش کروں گا کہ دو، تین مہینے میں ایک مرتبہ تاجر برادری سے ضرور ملوں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کی پریشانی دور کرنا پاکستان کی ضرورت ہے، سرمایہ کار پیسہ بنائیں تاکہ دیگر سرمایہ کار ملک میں آئیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فلاحی ریاست کا تصور لے کر چین نے 30 برس میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح یورپ اور امریکا جیسے دیگر ممالک میں ریاست نے اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لے لی اور یہ ہی فلاحی ریاست کی مثال ہے۔

گزشتہ حکومتوں کے 10 ارب ڈالر قرضے واپس کیے، ڈاکٹر حفیظ شیخ

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے 10 ارب ڈالر قرضے واپس کیے گئے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2 ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کیے گئے تاکہ ایکسچینج ریٹ کو نئے انداز میں تشکیل دیا جائے اور برآمدار میں آسانی ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی اخراجات میں 40 ارب روپے کی کمی لائی گئی اور آرمی کے بجٹ کو 'فریز' کیا گیا۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ یہ طے کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ اور سپلیمنٹری گرانٹ نہیں لیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'موجودہ حکومت سے زیادہ کوئی بزنس فرینڈلی گورنمنٹ نہیں رہی'۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان مسلم امہ کے سال کے بہترین شخص قرار

وزیر اعظم سے کاروباری شخصیات کی ملاقات

وزیراعظم سے ممتاز کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی جن میں ایس ایم منیر، سراج قاسم تیلی، آغا شہاب، عارف حبیب، مرزا افتخار بیگ، خالد مسعود، زاہد سعید اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم ستون کا درجہ رکھتا ہے، جبکہ حقیقی ترقی نجی شعبے کی طرف سے سرمایہ کاری سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے اور کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان دنیا میں 28 درجے اوپر چلا گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے، معاشی اشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں، عالمی ادارے بشمول موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم قرار دیا، حکومتی معاشی ٹیم کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ ملا کر چلیں تو غربت کم، روزگار میں اضافہ ہوسکتا ہے، حکومت ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کو شراکت دار بنانا چاہتی ہے، خوش آئند ہے کہ سرمایہ کار حکومت کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔

وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، عالمگیر خان، جمیل خان، لال چند ملہی، نجیب ہارون، سیف الرحمٰن محسود، رمیش کمار، نزہت پٹھان اور شکور شادنے شامل تھے۔

ملاقات میں شاہ محمود قریشی، محمد میاں سومرو، فیصل واڈا، علی زیدی، عثمان ڈار، حفیظ شیخ اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی موجود تھے۔

عمران خان نے اراکین اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد کا مقصد غریب عوام کی خدمت اور انہیں تحفظ فراہم کرنا ہے، جبکہ اراکین اندرون سندھ کے علاقوں پر خصوصی توجہ دیں جہاں انتہائی غربت و کسمپرسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پکڑے جانے پر اپوزیشن شور مچا رہی ہے۔

وزیراعظم کو سندھ ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ

وزیر اعظم عمران خان کو وفاق کی طرف سے سندھ ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی جہاں سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لیمٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو صالح فاروقی نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر بحری امور سید علی زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عثمان ڈار اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم اور دیگر شرکا کو بتایا گیا کہ سندھ پیکیج کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 2019-20 کے لیے مختص کی جانے والی پوری رقم جاری کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین لاین منصوبے کے پہلے مرحلے میں تعمیراتی کام شامل تھا جس کو مکمل کر لیا گیا ہے تاہم فعال کرنے کا مرحلہ ایکنیک کی منظوری کے لیے پیش کر دیا جاے گا۔

دیگر منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ تھر کے لیے پانی کے فلٹریشن پلانٹس اور ہسپتالوں کے منصوبے بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت کی کراچی آمد

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کراچی ایئرپورٹ پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ کراچی کا پانچواں دورہ ہے جہاں وہ گورنر ہاؤس میں مصروف ترین دن گزاریں گے۔

دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان تاجر برادری کے رہنماؤں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی اور دیگر وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں اہم ترین معاملات پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت بھی متوقع ہے۔

عمران خان کو کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم کراچی کے دورے کے موقع پر صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، تاجر برادری اور شہریوں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024