راولپنڈی جلسے پر اربوں روپے لگانے کی بجائے تھر میں لوگوں کی جان بچائیں، فیاض الحسن
پنجاب کے وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے راولپنڈی میں جلسہ کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سے لوگوں کو جمع کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کرنے کے بجائے تھر میں معصوم لوگوں کی جان بچانے پر خرچ کیے جاتے تو بہتر تھا۔
لاہور میں صوبائی وزیر مراد داس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فیاض الحسن چوہان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرکے کہا کہ بلاول بھٹو کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی پہلی مرتبہ لیاقت باغ میں جلسے کیلئے تیار
واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو جے وی اوپل سے متعلق کیس میں طلب کیا تھا جس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ 24 دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے شریک چیئرمین 'آصف علی زرداری نے بلاول کو نوعمری میں ہی منی لانڈرنگ اور کرپشن کے تمام طریقے سکھا دیے اور اب آپ کہتے ہیں کہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گا'۔
انہوں نے کہا کہ 'یاد رہے کہ آپ کے والد آصف علی زرداری نے اسی تکبر کے ساتھ کہا تھا کہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گا لیکن اللہ کی ذات بڑی ہے اور پھر ان کا تکبر زمین بوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آپ (بلاول بھٹو) زرداری گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں اور اس گروپ نے منی لانڈرنگ کی'۔
علاوہ ازیں فیاض الحسن چوہان نے بینظیر بھٹو کے قتل کو المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سابق وزیراعظم پر حملہ ہوا تو سیکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری رحمٰن ملک کے پاس تھی۔
انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ المناک واقعے کے فوراً بعد رحمٰن ملک ہسپتال جانے کی بجائے زرداری ہاؤس کیوں گئے؟
یہ بھی پڑھیں: بینظیربھٹو قتل کیس: پیپلزپارٹی کا طالبان کے مطالبے پر تحفظات کا اظہار
فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرکے کہا کہ 'انہیں ضرور اپنے پاپا (آصف علی زرداری) سے سوال پوچھنا چاہیے کہ رحمٰن ملک وقوع چھوڑ کر زرداری ہاؤس کیوں گئے'۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 'بلاول کو دوسرا سوال اپنے والد سے یہ پوچھنا چاہیے کہ سانحہ راولپنڈی کے فوراً بعد انہوں نے باہر سے فون کر کے یہ کیوں حکم دیا کہ بینظیر بھٹو کا پوسٹ مارٹم نہیں کرنا'۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے آصف علی زرداری پر اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا بھی الزام لگایا۔
ساتھ ہی انہوں نے بلاول کو مشورہ دیا کہ 'جب تک آصف علی زرداری، پھوپھی فریال تالپور اور شرجیل میمن سمیت دیگر کرپٹ عناصر کا دست شفقت آپ کے سر پر رہے گا تب تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ بشمول کراچی اور حیدرآباد میں آئندہ انتخابات میں کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 'عوام آپ کی طرف متوجہ نہیں ہوگی'۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو قتل کیس: ٹی ٹی پی کے 5 ملزمان کی ضمانت منظور
واضح رہے کہ آج پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) 27 دسمبر 2007 کو خودکش حملے اور فائرنگ میں بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد پہلی مرتبہ سابق وزیراعظم کی برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں جلسہ کررہی ہے۔
جلسے کے موقع پر لیاقت باغ میں 50 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں ہیں، پارک میں اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم کو اسی طریقے سے نصب کیاگیا ہے جیسے بینظیر بھٹو کے لیے 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کے لیے کیا گیا تھا۔