ڈاکٹر معید یوسف معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر
وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر معید یوسف کو اپنا معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن اور اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ مقرر کر دیا۔
کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر معید یوسف کو وزیر مملکت کا درجہ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر معید یوسف، واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے ایشیا سینٹر کے ایسوسی ایٹ نائب صدر ہیں۔
انہیں رواں سال ستمبر میں قومی سلامتی ڈویژن کے ماتحت کام کرنے والے اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل (ایس پی پی سی) کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔
کتاب 'بروکرِنگ پیس اِن نیوکلیئر انوائرنمنٹس: یو ایس کرائسز مینجمنٹ اِن ساؤتھ ایشیا' کے مصنف ڈاکٹر معید یوسف بوسٹن یونیورسٹی، جارج واشنگٹن یونیورسٹی اور اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی میں بطور استاد فرائض بھی انجام دے چکے ہیں، جبکہ روزنامہ ڈان اخبار میں کالم بھی لکھتے ہیں۔
ڈاکٹر معید یوسف نے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور بوسٹن یونیورسٹی سے پالیٹیکل سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
وہ 2004 سے 2007 تک اسلام آباد کے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں کُل وقتی مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔