• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مریم نواز نے بیرون ملک جانے کیلئے ایک مرتبہ پھر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

شائع December 21, 2019
مریم نواز نے 7 دسمبر کو بھی  ایل سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست جمع کروائی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
مریم نواز نے 7 دسمبر کو بھی ایل سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست جمع کروائی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے کے لیے ایک مرتبہ پھر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 23 دسمبر (پیر) کو مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

اس سے قبل مریم نواز نے 7 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں ایل سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست جمع کروائی تھی۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر حکومت کو 7 روز میں فیصلے کا حکم

جس کے بعد 9 دسمبر کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حکومت کی نظرثانی کمیٹی کو 7 روز میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی نظرثانی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی تھی۔

درخواست پر سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ عدالت اس درخواست کو ’زیرالتوا ‘ رکھ لے اور حکومت کو مریم نواز کی نظرثانی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

تاہم عدالت نے کہا تھا کہ اس درخواست کو زیرالتوا رکھ کر حکومت پر دباؤ نہیں رکھنا چاہتے۔

مریم نواز کے وکلا محمد امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے دائر کی گئی حالیہ درخواست میں ایک مرتبہ پھر مریم نواز کو 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت کو مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی ہدایت دی جائے‘۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ’موجودہ درخواست کو زیرِ التوا رکھ کر درخواست گزار کو ایک مرتبہ 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاسکتی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی بیرون ملک جانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست

درخواست میں وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے 20 اگست، 2018 کے میمورنڈرم کو غیر قانونی قرار دیا جائے کیونکہ یہ عدلیہ کے قانونی مفاد میں بھی نہیں۔

ساتھ ہی درخواست میں اس معاملے میں دیگر کوئی مناسب ریلیف فراہم کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

مریم نواز کی ضمانت

خیال رہے کہ 8 اگست 2019 کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر کو ان کے کزن یوسف عباس کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں 25 ستمبر2019 کو احتساب عدالت نے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے 30 ستمبر کو اسی کیس میں ضمانت بعد ازگرفتاری کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

تاہم اکتوبر کے اواخر میں ان کے والد نواز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس کے باعث انہوں نے 24 اکتوبر کو بنیادی حقوق اور انسانی بنیادوں پر فوری رہائی کے لیے متفرق درخواست دائر کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو علاج کیلئے 16 دسمبر کو امریکا منتقل کیے جانے کا امکان

اس درخواست پر سماعت میں نیب کے ایڈیشنل پراسیکوٹر جنرل نے مریم نواز کی انسانی بنیادوں پر ضمانت کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں یہ بیان کردیا گیا ہے کہ انتہائی غیرمعمولی حالات میں ملزم کو ضمانت دی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مریم نواز کا کیس انتہائی غیرمعمولی حالت میں نہیں آتا۔

تاہم عدالت عالیہ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت کو منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا لیکن انہیں اپنا پاسپورٹ اور ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا کہا گیا تھا۔

بعد ازاں نیب نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے مریم نواز کو دی گئی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024