• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا

شائع December 21, 2019
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے ان کے عہدے کا حلف لیا—فوٹو: ڈان نیوز
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے ان کے عہدے کا حلف لیا—فوٹو: ڈان نیوز

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27ویں منصف اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز سمیت سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: جسٹس گلزار کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

تقریب کے شروع میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد صدر مملکت نے جسٹس گلزار سے منصف اعلیٰ پاکستان کی حیثیت سے حلف لیا۔

واضح رہے کہ ملک کے 26ویں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی گزشتہ روز سبکدوشی کے بعد جسٹس گلزار احمد 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر رہیں گے اور فروری 2022 میں بطور چیف جسٹس آف پاکستان سبکدوش ہوجائیں گے۔

جسٹس گلزار احمد کون ہیں؟

سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی میں معروف وکیل نور محمد کے گھر میں پیدا ہوئے تھے۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی میں گلستان اسکول سے حاصل کی اور نیشنل کالج سے بی اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایس ایم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی۔

اس کے بعد وہ 18 جنوری 1986 میں ایڈووکیٹ کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہوئے اور پھر 4 اپریل 1988 کو ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے ان کا اندراج ہوا، جس کے بعد 15 ستمبر 2001 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز چیف جسٹس بنیں گے

اس کے علاوہ جسٹس گلزار احمد سن 1999 سے 2000 کے دوران سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری کے عہدے کے لیے بھی منتخب ہوئے۔

2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج منتخب ہونے سے قبل وہ کراچی کے 5 سرفہرست وکلا میں شامل رہے اور اپنے کیرئیر میں سول، لیبر، بینکنگ، کمپنی قوانین اور کارپوریٹ سے متعلق کیسز میں وکالت کی۔

جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج منتخب ہوئے جبکہ 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے ترقی حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024