• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اینڈرائیڈ فونز کی بیٹری لائف میں اضافہ کرنے والے آسان طریقے

شائع December 21, 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

آج کل اسمارٹ فونز کا استعمال بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور ہر ایک انہیں خریدنے کی کوشش کرتا ہے مگر اس کی جلد مرجانے والی بیٹری صارفین کو ذہنی الجھن کا شکار بنادیتی ہے۔

اسمارٹ فونز کی ٹیکنالوجی میں جدت آرہی ہے، ڈیزائن بہتر اور رفتار بڑھ رہی ہے مگر بیٹریز کے معاملے میں معمولی پیشرفت ہی ہوسکی ہے۔

اب اس پر کام تو ہو رہا ہے مگر بہت سست روی سے مگر کچھ طریقے ایسے ہوتے ہیں جو آپ کے اسمارٹ فون بیٹری کی زندگی کو کافی حد تک بڑھا دیتے ہیں جو درج ذیل ہیں۔

وائبریشن اور ہیپٹک فیڈبیک کو ٹرن آف کرنا

اسمارٹ فون کی بورڈ پر ٹائپ کرتے ہوئے وائبریشن یا کسی ایپ یا بٹن کو دبانے پر آواز جیسے فنکشن درحقیقت بیٹری کی اچھی خاصی پاور چوس لیتے ہیں، ہیپٹک فیڈبیک کو ٹرن آف کرکے آپ بیٹری کی زندگی میں کافی حد تک اضافہ کرسکتے ہیں کیونکہ دن بھر میں آپ کا اچھا خاصا وقت کی بورڈ پر ٹائپ کرتے ہوئے ہی گزرتا ہوگا، اس کے علاوہ نوٹیفکیشن کے لیے وائبریشن کی اگر ضرورت نہ ہو تو اسے بھی بند کرنا ہی بہتر ہوتا ہے کیونکہ رنگ ٹون کے مقابلے میں وائبریشن کے لیے زیادہ بیٹری پاور درکار ہوتی ہے۔

پاور سیونگ موڈ سے مدد لیں

اگر کسی موقع پر آپ اپنے فون کی بیٹری عام معمول سے زیادہ چلانا چاہتے ہوں تو فون کا پاور سیونگ موڈ آن کردیں، جو خودکار طور پر ایسے فنکشن کو منقطع کردے گا جو بیٹری لائف کم کرتے ہیں، جس سے بیٹری لائف میں کچھ منٹ بلکہ گھنٹوں کا بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

موبائل ڈیٹا کی جگہ وائی فائی کو ترجیح دیں

موبائل ڈیٹا بیٹری کا دشمن ثابت ہوتا ہے تو جتنا ممکن ہو وائی فائی کو استعمال کریں، اپنے فون کے کوئیک سیٹنگز پینل میں جاکر آپ موبائل ڈیٹا سروسز کو اس وقت آف کرسکتے ہیں جب اس کی ضرورت نہ ہو۔

اسمارٹ چارجنگ

جب اسمارٹ فون بیٹری کو چارج کیا جاتا ہے اور اس کی گنجائش مکمل یا سو فیصد ہوجائے تو ٹریکل چارج شروع ہوتا ہے تاکہ اسے کم ہونے سے روکا جاسکے۔ ایسا ہونے پر بیٹری غیرضروری دباﺅ کا شکار ہونے لگتی ہے اور اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ڈیوائس کو اس وقت ان پلگ کردیا جائے جب وہ سو فیصد تک پہنچ جائے یا اسی سے نوے فیصد پر ہی نکال دیا جانا چاہیے، اسی طرح بیٹری کو رات سوتے ہوئے چارج پر لگا کر چھوڑ دینا بھی کچھ ماہ میں بیٹری لائف کو کم کرسکتا ہے۔

بلیوٹوتھ اور لوکیشن ٹریکنگ کا کم از کم استعمال

بلیوٹوتھ، این ایف سی اور لوکیشن سروسز مددگار ہوتی ہیں مگر فون کی بیٹری کو تیزی سے کم بھی کرتی ہیں، اگر آپ بیٹری کو زیادہ دیر تک چلانا چاہتے ہیں، تو ان سروسز کو اسی وقت آن کیا کریں جب ضرورت ہو، اس کے بعد ٹرن آف کردیں۔

اسی طرح آپ کو وائس اسسٹنٹ پروگرام کی بھی ہر وقت ضرورت نہیں ہوتی، اگر گوگل اسسٹنٹ موجود ہو (جو کہ ہر اینڈرائیڈ فون میں ہوتا ہی ہے) اور کام کررہا ہو، تو اسسٹنٹ سیٹنگز میں جاکر اسے ڈی ایکٹیویٹ کردیں، جس سے گوگل اسسٹنٹ کو بیٹری لائف استعمال کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔

برائٹنس کا خیال رکھیں

جب بیٹری لائف کی بات ہو تو سب سے زیادہ اثر ڈسپلے کا ہی مرتب ہوتا ہے، جب بھی ڈسپلے آن ہوتا ہے قیمتی پاور کم ہونے لگتی ہے، تو اسکرین برائٹنس کو کم رکھنا اس کا آسان حل ہے، بلکہ بیشتر فونز میں برائٹنس کو ماحول کی روشنی کے مطابق خودکار ایڈجسٹ کرنے کا آپشن بھی ہوتا ہے، جس کو استعمال کریں، جس سے فون کی بیٹری میں چند منٹ کا اضافہ تو ضرور ہوجائے گا۔

سادہ وال پیپر کا استعمال

انیمیٹڈ وال پیپر کو اسکرین پر لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس تصویر کو حرکت کرنے کے لیے زیادہ بیٹری پاور کی ضرورت ہوتی ہے، زیادہ بہتر تو یہ ہے کہ اسکرین بیک گراﺅنڈ سیاہ ہو یا کم از کم رنگوں والا ہو تاکہ ڈسپلے زیادہ تیزی سے بیٹری پاور ختم نہ کرے۔ اسی طرح ویجیٹس کا استعمال بھی بیٹری لائف کو کم کرتا ہے، جس سے گریز کرنا چاہیے۔

فیس بک ایپ کی جگہ براﺅزر پر استعمال کریں

جی ہاں آپ کو یقین نہیں ہوگا مگر فیس بک بیٹری پاور کے لیے بدترین ایپس میں سے ایک ہے اور زیادہ بہتر یہ ہے کہ اسمارٹ فون براﺅزر پر آپ فیس بک کو استعمال کریں جو کہ لگ بھگ ایپ جیسا ہی ہوتا ہے۔

آٹومیٹک ایپ اپ ڈیٹس کو ٹرن آف کردیں

اگر بیٹری لائف کو بڑھانا چاہتے ہیں تو آٹومیٹک ایپ اپ ڈیٹس کو ٹرن آف کردینا اچھا آپشن ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ اس سے پس منظر میں ایپ سرگرمیوں کی شرح میں کمی آتی ہے اور کم پاور استعمال ہوتی ہے۔ اینڈرائیڈ فون میں گوگل پلے اسٹور پر جاکر مینیو آئیکون پر کلک کریں اور پھر سیٹنگز، جنرل اور آٹو اپ ڈیٹس ایپس پر کلک کرکے اسے سوئچ آف کردیں۔

یہ جانیں کونسی ایپس زیادہ پاور کھارہی ہیں

اگر تمام طریقوں کے باوجود بیٹری لائف میں اضافہ نہیں ہورہا تو اس کی وجہ کوئی مخصوص ایپ ہوسکتی ہے۔ اسے پکڑنے کے لیے اینڈرائیڈ صارفین سیٹنگز میں بیٹری اور پھر بیٹری یوزایج میں جاکر ان ایپس اور سروسز کی فہرست دیکھیں جو بیٹری کو سب سے زیادہ استعمال کررہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024