• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی سی بی کی میانداد اور پہلے سری لنکن کپتان کیلئے اعزازی شیلڈ

شائع December 11, 2019 اپ ڈیٹ December 16, 2019
سری لنکا کے پہلے کپتان بندولا ورناپورا اور پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے پیش کی گئی اعزازی شیلڈ کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی سی بی
سری لنکا کے پہلے کپتان بندولا ورناپورا اور پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے پیش کی گئی اعزازی شیلڈ کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی سی بی

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے ملک میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اس یادگار موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے سابق کپتانوں کی ایوارڈ سے نوازا۔

راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے ملک میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں دہشت گردوں نے لاہور میں سری لنکن ٹیم کی بس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور محدود اوورز کی کرکٹ کی بتدریج واپسی کے باوجود ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بحال نہ ہو سکی تاہم سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر زندہ دلی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پر حامی بھر لی۔

ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے اس یادگار موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد اور سابق سری لنکن کپتان بندولا ورنا پورا کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

بندولا ورناپورا سری لنکا کے پہلے کپتان تھے اور 1982 میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کی بھی قیادت کی تھی۔

میچ کے پہلے دن کھانے کے وقفے کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے پہلے کپتان کے ساتھ ساتھ جاوید میانداد کو بھی شیلڈ پیش کی جنہوں نے 1982 کی سیریز میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے بندولا ورنا پورا اور جاوید میانداد کو اعزازی شیلڈ سے نوازا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ورناپورا نے کہا کہ جب پاکستان کی جانب سے دورے کی دعوت ملی تھی تو اس وقت بھی مجھ سے پاکستان جانے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تھا اور میں نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو وہ سب کچھ واپس لوٹانا چاہتے ہیں جو کچھ انہوں نے سری لنکن کرکٹ کے لیے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں آئی سی سی کی رکنیت ملی تو پاکستان نے پہلے دن سے ہماری مدد کی تھی اور ہم اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

1982 میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے جاوید میانداد نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے ہمیشہ ہماری مدد کی، انہوں نے یہاں آ کر کرکٹ کھیلی اور دنیا کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے بالکل محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اکثر کھلاڑیوں کو بیرون ملک اپنے عوام سے دور کرکٹ کھیلنا پڑتی تھی لیکن اب وہ یہاں پاکستانی شائقین کے سامنے کھیل سکیں گے جس پر میں سری لنکا کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024