عاصم اظہر اور امریکی میوزیکل بینڈ کا اشتراک
پاکستانی گلوکار و اداکار عاصم اظہر اگرچہ ان دنوں اپنے پاکستان کے میوزیکل ٹوئر پر ہیں اور وہ مختلف شہروں میں میوزیکل کنسرٹ منعقد کرنے میں مصروف ہیں۔
تاہم ان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد ہی عاصم اظہر کا پروڈیوس کردہ امریکی میوزیکل بینڈ ’کریویلا‘ کا میوزک ایلبم ریلیز ہوگا۔
جی ہاں، عاصم اظہر کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکی گلوکار و موسیقار بہنوں یاسمین یوسف اور جہان کے میوزیکل بینڈ ’کریویلا‘ کے لیے پروڈیوس کردہ گانے کا میوزیکل ایلبم آئندہ ماہ ریلیز ہوگا۔
’کریویلا‘ میوزیکل بینڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ بینڈ کا اگلا میوزیکل ایلبم ’زیرو‘ آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز ہوگا۔
’زیرو‘ ایلبم میں مجموعی طور پر 11 گانے ہیں جس میں سے ایک گانے ’گڈ آن یو‘ کی مختصر ویڈیو بھی گزشتہ ہفتے جاری کر دی گئی تھی۔
اسی میوزک ایلبم کے ایک گانے ’پیراڈائیز‘ کو بنانے میں عاصم اظہر نے کردار ادا کیا ہے اور مذکورہ گانے کو پاکستانی گلوکار نے پروڈیوس بھی کیا ہے۔
اسی طرح ’زیرو‘ ایلبم میں موجود 11 میں سے 4 گانے میوزیکل بینڈ نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں و موسیقاروں کی مدد سے تیار کیے ہیں جس کا ذکر انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں ایلبم کے گانوں کے ساتھ کیا۔
پاکستانی نژاد امریکی گلوکاراؤں یاسمین یوسف اور جہان تقریبا ایک دہائی سے زائد عرصے سے میوزک سے وابستہ ہیں اور انہوں نے اپنے بینڈ کے تحت متعدد گانے ریلیز کیے ہیں۔
انہیں نہ صرف امریکا کی متعدد ریاستوں بلکہ متعدد جنوبی امریکی ممالک، یورپی ممالک اور بھارت سمیت پاکستان میں بھی شہرت حاصل ہے۔