• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

جسم کے لیے انتہائی اہم غذائی وٹامن کی کمی کی علامات جان لیں

شائع December 10, 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

عام طور پر لوگ وٹامن سی اور وٹامن ڈی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ان کی کمی کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں مگر ایک اور اہم ترین وٹامن کو بھول جاتے ہیں جس کی اچھی صحت کے لیے بہت ضرورت ہوتی ہے۔

درحقیقت یہ وٹامن متعدد جسمانی افعال میں مدد دیتا ہے، جیسے مزاج ، کھانے کی خواہش، نیند اور سوچنے کی صلاحیتوں پر اثرانداز ہونا، آپ کو انفیکشن سے لڑنے کے لیے بھی اس کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسی طرح کھانے کو جسمانی توانائی کے لیے تبدیلی کرنے کے ساتھ ساتھ یہ جسم کے ہر حصے میں خون کے ذریعے آکسیجن پہنچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

یہ وٹامن بی 6 ہے جس کی سطح میں کمی کا اثر جسم برداشت نہیں کرسکتا۔

اچھی بات یہ ہے کہ وٹامن بی سکس کی کمی کی علامات کافی نمایاں ہوتی ہیں جو درج ذیل ہیں۔

جسمانی توانائی سے محرومی

اگر جسم میں وٹامن بی سکس کی سطح بہت کم ہوجائے تو خون کی کمی ہوجاتی ہے جس سے خون کے سرخ خلیات کی مقدار کم ہوتی ہے، اس کے نتیجے میں تھکاوٹ اور کمزوری کا احساس ہوسکتا ہے، انیمیا کی ایک اور وجہ آئرن کی کمی بھی ہوتی ہے، وٹامن بی 12 اور فولیٹ کی سطح میں کمی بھی اس کا باعث بن سکتی ہے۔

جلدی مسائل

اس وٹامن کی کمی کا اثر جلد پر بھی ظاہر ہوتا ہے، آپ کا جسم اس کے نتیجے میں کیمیائی تبدیلیوں سے گزرتا ہے جس سے جلد کی پرتیں بن جاتی ہیں، خارش اور سرخ نشان چہرے پر ابھر آتے ہیں۔ یہ سرخ نشان وقت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ نمایاں ہونے لگتے ہیں، اگر وٹامن کی کمی معمولی ہو تو یہ علامات کئی ماہ یا برسوں نمودار ہوتی ہیں۔

خشک اور پھٹے ہوئے ہونٹ

آپ کا منہ اس وٹامن کی کمی کے بارے میں جاننے کا اچھا ذریعہ ثابت ہوتا ہے کیونکہ ہونٹ خشک اور پھٹ جاتے ہیں، زبان سوج سکتی ہے۔

کمزور مدافعتی نظام

وٹامن بی سکس کی کمی کے نتیجے میں جسم کے لیے انفیکشن اور امراض کے خلاف مزاحمت مشکل ترین ہوجاتی ہے اور بار بار بیمار ہونے لگتے ہیں، کینسر اور دیگر امراض سے بھی وٹامن بی سکس کی سطح میں کمی آتی ہے، جسے بڑھانے کے لیے سپلیمنٹس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ہاتھ پیر سن ہونا

کیا آپ کی انگلیوں میں سنسناہٹ سی محسوس ہوتی ہے؟ کیا پیر سن ہوجاتے ہیں؟ اس کی وجہ ایک اعصابی مرض ہوتا ہے جو کہ وٹامن بی سکس کی کمی کے نتیجے میں متحرک ہوسکتا ہے، وٹامن بی سکس سمیت دیگر بی وٹامنز جیسے بی 12 اعصابی نظام کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

حاملہ خواتین میں قے اور متلی

حاملہ خواتین کو کسی اور کے مقابلے میں اپنی غذا میں اس وٹامن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اگر انہیں زیادہ متلی یا قے کا سامنا ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے وٹامن بی سکس سپلیمنٹس کا استعمال کرنا چاہیے۔

دماغی دھند

وٹامن بی سکس مزاج اور یاداشت کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے، اگر آپ کو اکثر ذہنی الجھن یا اداسی کا سامنا ہو، خاص طور پر درمیانی عمر میں، تو یہ اس وٹامن کی کمی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔

کینسر

وٹامن بی سک کی کمی کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھانے میں کردار ادا کرسکتی ہے، سائنسدان اس حوالے سے یقینی طور پر تو کچھ نہیں کہتے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس میں اس وٹامن کی کمی کو معدے اور غذائی نالی کے کینسر سے جوڑا گیا ہے۔ اسی طرح وٹامن کی کمی سے بریسٹ اور مثانے کے کینسر کا باعث بننے والے خلیات بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔

اس کی روزانہ کتنی مقدار درکار ہوتی ہے؟

وٹامن بی سکس کی روزانہ درکار مقدار کا انحصار عمر کے مطابق ہوتا ہے، 7 سے 12 ماہ کے بچوں کو 0.3 ملی گرام دی جانی چاہیے، اس کے مقابلے میں 50 سال سے زائد عمر کے مردوں کو 1.7 ملی گرام جبکہ خواتین کو 1.5 ملی گرام کی ضرورت ہوسکتی ہے، حاملہ خواتین کو 1.9 ملی گرام وٹامن کی ضرورت ہوتی ہے۔

حاصل کیسے کیا جائے؟

درحقیقت وٹامن بی سکس کا غذا کے ذریعے حصول بہت آسان ہے، چکن، گائے کے گوشت اور مچھلی بہترین ذرائع ہیں۔ اسی طرح آلو اور مکئی سے بھی اس وٹامن کو حاصل کیا جاسکتا ہے، ایک کپ چنے روزانہ درکار مقدار کا 50 فیصد حصہ فراہم کرسکتے ہیں۔ مختلف پھلوں میں بھی یہ پایا جاتا ہے جبکہ وٹامن بی سکس کے سپلیمنٹس بھی مل جاتے ہیں، مگر ان کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے ے کرنا ہی بہتر ہوتا ہے اور زیادہ کھانے سے گریز کرنا ضروری ہے کیونکہ زیادہ مقدار سے بھی اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے، سینے میں جلن یا قے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

کمی کی وجوہات

وٹامن بی سکس کی کمی کا سامنا بہت کم ہوتا ہے مگر اکثر درمیانی عمر کے یا بزرگ افراد میں اس ک یسطح بہت کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ کم کھانا ہوتا ہے یا جسم غذائی اجزا کو موثر طریقے سے جذب نہیں کرپاتا۔ گردوں کے امراض اور دیگر عارضے بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں جبکہ الکحل بھی یہ خطرہ بڑھاسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024