2019 میں یوٹیوب پرمقبول ہونے والی پہلی عرب خاتون
سال 2019 کے اختتامی مہینے شروع ہوتے ہی سوشل و ویڈیو ویب سائٹس نے اپنے سب سے زیادہ مقبول گانوں اور ویڈیوز کی رپورٹس جاری کرنا شروع کردی ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ویڈیو ایک مختصر ویڈیو نہیں بلکہ پوری فلم ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کا اعزاز فہد مصطفیٰ کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کے حصے میں آیا جب کہ سب سے زیادہ دیکھے جانے والے گانے کا اعزاز ’جا تجھے معاف کیا‘ کو ملا۔
2019 کی پاکستانیوں کی پسندیدہ ترین یوٹیوب ویڈیوز دیکھیں
اسی طرح یوٹیوب نے دنیا بھر کی مقبول ویڈیوز اور یوٹیوب چینلز کی فہرست بھی جاری کی ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ پورے سال کی ’ریوائنڈ ویڈیو‘ میں بتایا گیا ہے عراقی نژاد عرب یوٹیوب اسٹار ’نور اسٹار‘ وہ واحد اور پہلی عرب خاتون ہیں جو 2019 میں سب سے زیادہ مقبول رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’نور اسٹار‘ کے یوٹیوب چیبل کو 2019 میں ایک کروڑ افراد نے سبسکرائب کیا اور اب تک ان کے چینل کو ایک کروڑ 30 لاکھ افراد سبسکرائب کر چکے ہیں۔
ایک کروڑ 30 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ ’نور اسٹارز‘ مشرق وسطیٰ کی وہ پہلی خاتون یوٹیوب اسٹار بن گئی ہیں جن کے چینل کو ریکارڈ افراد نے سبسکرائب کیا ہے۔
2019 میں یوٹیوب پر پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے 10 گانے
نور اسٹار کا تعلق عراق سے ہے اور انہوں نے 2014 میں اپنا یوٹیوب چینل لاؤنچ کیا تھا اور ابتدائی طور پر وہ گھریلو زندگی اور معاملات سے متعلق ویڈیوز اپ لوڈ کرتی تھیں۔
گزتے وقت کے ساتھ نور اسٹار نے اپنے یوٹیوب چینل پر عرب ثقافت، عرب نوجوان لڑکیوں کے مسائل اور خواہشات پر ویڈیوز جاری کرنے سمیت انٹرٹینمنٹ اور مزاحیہ انداز کی ویڈیوز بھی جاری کرنا شروع کیں۔
اپنے مواد کو وسعت دیے جانے کے بعد نور اسٹار کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کے سبسکرائبرز کی تعداد بڑھنے لگی۔
2019 کے آغاز میں ہی انہوں نے ریکارڈ ایک کروڑ سبسکرائبر کا ٹارگیٹ عبور کیا اور اب تک وہ ایک کروڑ 30 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ سب سے مقبول مشرق وسطی خاتون کا اعزاز رکھتی ہیں۔
نور اسٹار کے زیادہ تر ویڈیوز کو 10 لاکھ بار تک دیکھا جا چکا ہے جب کہ ان کی چند ویڈیوز کو کروڑوں بار بھی دیکھا جا چکا ہے۔
نور اسٹار اب میوزک ویڈیوز بھی جاری کرتی ہیں اور ان میں عرب ثقافت، عرب ممالک اور عرب لڑکیوں کے اسٹائل کی ہی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ان کی چند ایک ویڈیوز کو ڈیڑھ کروڑ بار سے زائد بار بھی دیکھا جا چکا ہے۔
نور اسٹار کی مقبولیت کے بعد ان کی چھوٹی بہن ’بینن‘ نے بھی اپنا یوٹیوب چینل لاؤنچ کیا تھا اور اب تک ان کے بھی 50 لاکھ کے قریب سبسکرائبر بن چکے ہیں۔
بینن اسٹار بھی عرب لڑکیوں، ان کی خواہشات اور عرب ثقافت پر زیادہ تر مواد جاری کرتی ہیں۔