• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امریکی بحریہ کے اہلکار کی فوجی اڈے میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

شائع December 5, 2019
گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے ریاست ہوائی میں واقع تاریخی فوجی اڈے پرل ہاربر میں فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیا، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مارلی۔

برطانوی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ’فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین تھے جبکہ زخمی ہونے والا شخص عام شہری ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔

قبل ازیں امریکی بحری اڈے کے ترجمان نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے ہونے والی فائرنگ کی اطلاعات پر رد عمل دیا تھا اور فوجی اڈہ کئی گھنٹوں تک لاک ڈاؤن رہا تھا۔

واقعے سے متعلق عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ کمپیوٹر پر بیٹھے تھے کہ جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور 3 افراد کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا۔

مزید پڑھیں: کیلیفورنیا: گھر میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، 6 زخمی

شناخت ظاہر نہ کرنے والے عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے امریکی بحریہ یا ملاح کا یونیفارم پہنا ہوا تھا اور اس نے اپنے سر میں گولی ماری۔

دوسری جانب ہوائی نیوز ناؤ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں متاثر ہونے والوں میں کئی شہری شامل ہیں۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا جارہا کہ فائرنگ کا واقعہ پرل ہاربر نیول شپ یارڈ کے جنوب میں واقع داخلی حصے میں پیش آیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی نیوی کی وردی میں ملبوس ایک شخص نے پرل ہاربر میں اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

امریکی فوجی حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو گولی مارلی، حکام نے بندوق بردار اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پرل ہاربر پر 7 دسمبر 1941 کو ہونے والے حملے کو 78 برس مکمل ہونے میں محض 3 روز باقی ہیں، اس روز جاپان نے پرل ہاربر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد امریکا جاپان کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے جنگ عظیم دوم میں شامل ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر فریسنو میں گھر میں جاری پارٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کیلیفورنیا میں ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

قبل ازیں 15 نومبر کو کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں واقع ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 طلبہ ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا طالب علم بھی اگلے دن ہسپتال میں دم تور گیا تھا۔

اکتوبر میں کیلیفورنیا کے علاقے لانگ بیچ میں ایک گھر میں جاری ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کیلیفورنیا: ہائی اسکول میں فائرنگ سے 2 طلبہ ہلاک، 3 زخمی

رواں برس ہی اگست کے مہینے میں ٹیکساس کے شاپنگ مال میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 20 افراد کو قتل جبکہ 26 افراد کو زخمی کردیا تھا اور واقعے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

اس سے قبل جولائی میں امریکا کے شہر کیلیفورنیا میں شاپنگ مال کے اندر 2 نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جون میں امریکا کے شہر پٹس برگ میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں امریکا کی ریاست ورجینیا میں میونسپل کی عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024