• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سجل اور میری شادی ضرور ہوگی، احد رضا میر

شائع December 4, 2019 اپ ڈیٹ December 5, 2019
اداکار کے مطابق شادی ضرور ہوگی مگر شاید ترکی میں نہ ہو — اسکرین شاٹ/ سم تھنگ ہاٹ/ یوٹیوب
اداکار کے مطابق شادی ضرور ہوگی مگر شاید ترکی میں نہ ہو — اسکرین شاٹ/ سم تھنگ ہاٹ/ یوٹیوب

پاکستانی ڈراموں کی مقبول ترین جوڑیوں میں اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کی رومانوی جوڑی کا بھی شمار ہوتا ہے جن سے متعلق اطلاعات تھیں کہ وہ جلد ہی حقیقی زندگی میں ایک ہونے والے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہی خبریں سامنے آئی تھیں کہ احد رضا میر اور سجل علی نئے سال میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

سجل علی اور احد رضا میر نے رواں برس جون میں منگنی کرکے مداحوں کو خوش کردیا تھا کیوں کہ دونوں کے مداح چاہتے تھے کہ وہ ڈراموں کی طرح حقیقت میں بھی ایک دوسرے کے ہوجائیں۔

دونوں نے منگنی کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا جس کے بعد ان کے مداحوں نے ان سے جلد سے جلد شادی کرنے کی فرمائش کی تھی اور گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر یہ خبریں تھیں کہ دونوں مارچ 2020 تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل اور احد رضا میر کی شادی مارچ 2020 میں ہوگی؟

رپورٹس میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں ترکی میں شادی کریں گے، جہاں ان کی شادی کی تقریب میں دونوں کے اہل خانہ سمیت قریبی دوست اور ساتھی اداکار بھی شرکت کریں گے۔

دونوں کے مداح انہیں جلد حقیقی جوڑے کے طور پر دیکھنے کے خواہاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے مداح انہیں جلد حقیقی جوڑے کے طور پر دیکھنے کے خواہاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد احد رضا میر اور سجل علی نے کچھ نہیں کہا تھا تاہم اب اداکار احد رضا میر نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے۔

ویب شو ’سم تھنگ ہاٹ‘ میں بات کرتے ہوئے احد رضا میر نے سجل علی سے شادی کرنے کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان دونوں کی شادی ضرور ہوگی۔

مزید پڑھیں: احد رضا میر اور سجل علی نے منگنی کرلی

احد رضا میر نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر ان دونوں کی ترکی میں شادی کی خبریں جھوٹی ہیں، کیوں کہ اس حوالے سے ان دونوں نے کچھ نہیں کہا اور انہیں بھی سوشل میڈیا پر خبریں پڑھ کر معلوم ہوا۔

دونوں نے رواں برس جون میں اچانک منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے رواں برس جون میں اچانک منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

احد رضا میر نے ترکی میں شادی کیے جانے کے سوال پر جواب دیتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ لوگ بھی نہ جانے کیا سے کیا بنا اور کہہ دیتے ہیں جب کہ انہوں نے سجل سے شادی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ آئندہ برس مارچ میں ترکی میں سجل اور ان کی شادی سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں تاہم انہیں امید ہے کہ ان دونوں کی شادی ضرور ہوگی لیکن اس بات کا علم نہیں کہ ان کی شادی ترکی میں ہوگی یا کہیں اور۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی اور احد رضا میر کی رومانوی کہانی ’یہ دل میرا‘

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اور سجل علی کے حوالے سے بننے والے ہیش ٹیگز اور کی جانے والی تعریفوں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سجل اور ان کے درمیان ہمیشہ سے ہی اچھے تعلقات رہے ہیں، چاہے وہ بطور اداکار کیوں نہ ہوں۔

سجل علی نے شادی کی چہ مگوئیوں پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام
سجل علی نے شادی کی چہ مگوئیوں پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام

احد رضا میر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اور سجل علی کبھی بھی ایک دوسرے پر کوئی حکم نہیں چلاتے اور نہ ہی ایک دوسرے کو کسی کردار کے حوالے سے کپڑے پہننے سمیت دیگر تجاویز دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر اداکار اپنے کردار کو اپنی نظر سے دیکھتا اور سمجھتا ہے، اس لیے ہم ایک دوسرے کو کوئی تجویز نہیں دیتے۔

احد رضا میر نے انٹرویو کے دوران اپنی پیشہ ورانہ زندگی سمیت مستقبل کی ذاتی زندگی سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ شادی کے بعد بھی وہ اور سجل علی مفاہمت کے ساتھ چلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024