• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

برطانیہ: نیشنل کرائم ایجنسی ملک ریاض سے 19 کروڑ پاؤنڈ کے تصفیے پر رضامند

شائع December 3, 2019 اپ ڈیٹ December 4, 2019
ملک ریاض اور ان کے خاندان کے یہ اثاثے ریاست پاکستان کو واپس کیے جائیں گے — فائل فوٹو / اے ایف پی
ملک ریاض اور ان کے خاندان کے یہ اثاثے ریاست پاکستان کو واپس کیے جائیں گے — فائل فوٹو / اے ایف پی

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے خاندان کے ساتھ 19 کروڑ پاؤنڈ کی رقم یا اثاثوں کی فراہمی کے عوض تصفیہ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ '19 کروڑ پاؤنڈ کی رقم یا اثاثوں کی فراہمی کے عوض تصفیہ پاکستانی شہری ملک ریاض حسین کے حوالے سے این سی اے کی تحقیقات کے نتیجے میں کیا جائے گا، جو پاکستان کے نجی شعبے کی اہم ترین کاروباری شخصیت ہیں۔'

این سی اے نے 19 کروڑ پاؤنڈ کے تصفیے کی پیشکش قبول کی جس میں برطانیہ کی جائیداد میں لندن کے ون ہائیڈ پارک پلیس نامی عمارت کا ایک اپارٹمنٹ ڈبلیو 2 2 ایل ایچ شامل ہے جس کی مالیت تقریباً 5 کروڑ پاؤنڈز ہیں، جبکہ منجمد اکاؤنٹس میں موجود تمام فنڈز شامل ہیں۔

یہ اثاثے ریاست پاکستان کو واپس کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملک ریاض: ادنیٰ ٹھیکیدار سے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون بننے تک کا سفر

نیشنل کرائم ایجنسی کے بیان میں کہا گیا کہ 'اگست 2019 میں لگ بھگ 12 کروڑ پاؤنڈز فنڈز کے حوالے سے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت سے 8 اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات حاصل کیے گئے تھے۔'

بیان کے مطابق 'اکاؤنٹس منجمد کرنے کے یہ احکامات دسمبر 2018 میں 2 کروڑ پاؤنڈز کے حوالے سے اسی تحقیقات سے منسلک احکامات کے بعد حاصل کیے گئے تھے، جبکہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کے تمام احکامات برطانوی بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم سے متعلق تھے۔'

یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں پاکستانی سپریم کورٹ نے 460 ارب روپے کے عوض ملیر یا کراچی سپر ہائی وے سے متعلق کیسز میں ملک ریاض کی ملکیتی کمپنی بحریہ ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ کی جانب سے تصفیے کی پیشکش قبول کی تھی۔

یہ ڈیل اس وقت قبول کی گئی تھی جب ملک ریاض کے وکیل نے تصفیے کے لیے رقم 450 ارب سے بڑھا کر 460 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے 4 مئی 2018 کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے مختصر سماعت کے بعد کہا تھا کہ 'پیشکش قبول کی جاتی ہے۔'

یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کراچی:الاٹمنٹ غیر قانونی قرار، پلاٹس کی فروخت روکنے کا حکم

عدالت کے حکم میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کو زمین کے لیے گرانٹ، زمین کی نجی ڈیولپر (بحریہ ٹاؤن) کی زمین سے تبدیلی اور سرکاری زمین کی نوآبادیات سے متعلق قانون 1912 کی دفعات کے تحت صوبائی حکومت کی طرف سے جو کچھ بھی کیا گیا وہ غیر قانونی تھا۔

عدالت عظمٰی نے پیشکش قبول کرنے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) کو بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹرز اور حکام کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے سے روک دیا تھا۔

تاہم ڈیل کے مطابق مقررہ عرصے (جسے 8 سے کم کرکے 7 سال کر دیا گیا تھا) میں تصفیے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں نیب ڈیولپر کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے میں آزاد ہوگا، لیکن اس کے لیے اسے عدالت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024